انقرہ: سرکاری ایرو اسپیس کمپنی پر دہشتگرد حملہ، 5 ہلاکتیں، 20 سے زائد زخمی

بدھ 23 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ کے دارالخلافے انقرہ کے قریب ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز کے ہیڈ کوارٹر دہشتگرد حملے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ترک میڈیا کے مطابق حملہ ایک خاتون سمیت 3 دہشتگردوں نے کیا تاہم سارے حملہ آور ماردیے گئے۔

ترکی کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں نے صنعتی یونٹ کے متعدد ملازمین کویرغمال بھی بنایا تاہم ترک سکیورٹی فورسز نے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی جارحیت کیخلاف ترکیہ کی عالمی عدالت انصاف میں فریق بننے کی درخواست

وزیر داخلہ نے کہا کہ بدھ کے روز ترک ایرو اسپیس اور دفاعی کمپنی TUSAS  کے احاطے میں حملے میں ہونے والے دھماکے کے باعث متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

علی یرلیکایا نے کہا ایکس پر اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ ہمارے بہت سے لوگ شہید و زخمی ہوئے ہیں۔ جب مقامی میڈیا نے انقرہ سے 40 کلومیٹر (25 میل) باہر سائٹ کے باہر دھماکے اور فائرنگ کی اطلاع دی۔

مزید پڑھیے: ترکیہ نے اسرائیل سے تجارتی تعلقات منقطع کردیے

ترک میڈیا کے مطابق کمپلیکس میں دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ سیکیورٹی فورسز، ایمبولینسز اور فائر فائٹرز کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا اور کمپنی کے ملازمین کو ایک محفوظ علاقے میں منتقل کیا گیا۔

TUSAS  ترکی کی اہم ترین دفاعی اور ہوا باز کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ یہ دیگر منصوبوں کے ساتھ ملک کا پہلا قومی لڑاکا طیارہ KAAN  بھی تیار کرتی ہے۔

ترکیہ کا دفاعی شعبہ اپنے بیریکتر ڈرون بنانے کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے جو ملک کو ہونے والی برآمدی آمدنی کا تقریباً 80 فیصد بنتا ہے۔

یہ واقعہ انقرہ سے تقریباً 40 کلومیٹر (25 میل) شمال میں واقع ایک چھوٹے قصبے کہرامانکازان کے مقام پر رونما ہوا ہے۔ مقامی میڈیا کے ذریعے نشر کیے جانے والی فوٹیج میں ابتدائی طور پر دھوئیں کے بڑے بادل اور ایک بڑی آگ کو دیکھا گیا۔

صدر مملکت و وزیراعظم پاکستان کی حملے کی مذمت، ترک بھائیوں سے اظہار یکجہتی

دریں اثنا صدر آصف علی زرداری نے انقرہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائی بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

صدر مملکت نے جانیں گنوانے والے معصوم افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے اور پاکستان نے بھی اس کا سامنا کیا ہے۔

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی دہشت گردی کے حملے کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp