وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پولیو کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، آج کے دن پولیو کے مکمل خاتمہ کی تجدید کرتے ہیں، پاکستان کو پولیو سے پاک بنانا ہمارا پختہ عزم ہے۔
پولیو کے خاتمہ کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں رواں برس 40 پولیو کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں تاہم اس ضمن میں ویکسین کوریج میں بہتری لائی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز کا اصل سبب کیا ہے؟
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان کے ذریعے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا رہے ہیں، ویکسین کی کوریج کو بڑھا رہے ہیں، اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انسداد پو لیو کے لیے علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا سرحد پار سے پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے پاکستان اور افغانستان کو مل کر کام کرنا ہے، انسداد پولیو کے ساتھ صحت عامہ کا ایک مضبوط نظام تشکیل دینا ہوگا۔
مزید پڑھیں:4 بچوں میں وائرس کی تصدیق، پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد 37 ہو گئی
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، آج کے دن پولیو کے مکمل خاتمہ کی تجدید کرتے ہیں، پاکستان کو پولیو سے پاک بنانا ہمارا پختہ عزم ہے، انہوں نے پولیو ویکسینیشن کے دوران پولیو ورکرز کی قربانیوں کو بھی سراہا۔
’پولیو ورکرز نے انتہائی مشکل حالات میں اپنے فرائض کی ادائیگی کی، پولیو کیخلاف جنگ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قوم نے ستائش کی ہے۔‘
مزید پڑھیں:پولیو ورکر کا ریپ: پولیس کی غفلت اور سماجی رویے
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بل گیٹس کے ساتھ ساتھ سعودی عرب نے بھی پاکستان میں پولیو وائرس کیخلاف ویکسینیشن میں گراں قدر مالی تعاون فراہم کیا ہے جس کے لیے انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔