وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ جو خواب دیکھا تھا آج اسے حقیقت میں بدل دیا ہے۔
پشین میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج اس میگا پروگرام کو باقاعدہ عملی شکل دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان ’دکی کول مائنز ‘ پر حملے کی ایف آئی آر درج، دہشتگردوں کا ڈٹ کا مقابلہ کرینگے، سرفراز بگٹی
انہوں نے کہا کہ یہ اہم منصوبہ بلوچستان میں زرعی انقلاب لائے گا۔اس منصوبے کی تکمیل میں وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے صوبائی حکومت کو اپنا بھرپور تعاون فراہم کیا۔
انہوں نے کہا ہمیں خوشی ہے وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کے مؤقف کی بھرپور تائید کی، اگر اس منصوبے میں کچھ تاخیر ہوئی تو اسکے پیچھے نیک نیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت زمینداروں کو شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے پیسے براہِ راست زمینداروں کے اکاؤنٹ میں بھیجے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ آپ کے پیسے ہیں آپ کو ہی ملنے چاہییں۔ اس عمل کو شفافیت کی مثال بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان خون کے ذریعے آزاد نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
انہوں نے کہا کہ ضلع کے بند اسکولوں کو کھولنے کر میرٹ اور شفافیت پر بھرتیاں کی جائیں گی۔صوبائی حکومت تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
وزیراعلیٰ تقریب میں شریک زمینداروں کے ساتھ گھل مل گئے۔
تقریب سے ضلع پشین کے اراکین صوبائی اسمبلی اصغر خان ترین سید ظفر علی آغا، اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔