آئین پاکستان وفاق کی تمام اکائیوں اور شہریوں کے بیچ ایک سماجی معاہدہ ہے، شیری رحمان

پیر 10 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آئین پاکستان، وفاق کی تمام اکائیوں اور شہریوں کے بیچ ایک سماجی معاہدہ ہے۔ آئین پاکستان کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ان کے تمام ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے یہ دستاویز تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا، آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی (50 ویں سالگرہ) کے موقع پر اہل وطن کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر اپنے میں کہا کہ عظیم قائد اور آئین کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ان کے تمام ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے اس تاریخی دستاویز کو تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، یہ ہمارے ملک کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ اس کٹھن اور طویل سفر میں ہم نے بہت کچھ پایا اور کھویا ہے، آج کے دن میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو، کارکنان اور تمام جمہوریت پسند لوگوں کو سلام پیش کرتی ہوں جنہوں نے آئین اور جمہوریت کے اس سفر میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں صدر آصف زرداری اور اتحادی حکومت کی شکرگزار ہوں جنہوں نے 2010 میں 18ویں ترمیم پاس کرکے 73 کے آئین کو بحال کیا،ہماری قوم کیلئے آئین ایک جمہوری، منصفانہ اور مساوی معاشرے کے رہنما اصول کا کام کرتا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ آئین وفاق کی تمام اکائیوں اور شہریوں کے بیچ ایک سماجی معاہدہ ہے، یہ شہید بھٹو کا آئین ہی ہے جو ہمیں آپس میں مضبوطی سے جوڑ کر رکھتا ہے اور بکھرنے نہیں دیتا۔

انہوں نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آئیے! اپنے آئین میں درج اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے عزم کریں اور آئین کے پاسداری کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں کے لیے ایک پر امن،خوشحال اور مساوی معاشرے کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp