اوور سیز پاکستانیوں نے ترسیلات زر بھیجنے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

پیر 10 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ترسیلات زر بھیجنے کا نیا ریکارڈ قائم کر لیا، اسٹیٹ بینک نے اعداد و شمار بھی جاری کر دیے۔

اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2023 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ریکارڈ 2 اعشاریہ 5 ارب ڈالرزکی رقم بھیجی، یہ رقم فروری 2023  میں بھیجی جانے والی رقم کے مقابلے میں 27.4 فیصد زیادہ ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق اس سے قبل ماضی میں ہر ماہ 2 ارب ڈالر تک کی رقم ترسیلات زر کی مد میں موصول ہوتی رہی۔

بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق فروری 2023 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 2 بلین ڈالر کی رقم پاکستان بھیجی گئی۔ یاد رہے کہ پچھلے سال فروری میں اوور سیز پاکستانیوں نے 2.2 بلین ڈالر کی رقم بھیجی تھی۔

جنوری 2023 میں تر سیلات زر 1.9 بلین ڈالر تھی، فروری میں بڑھ کر 2 بلین ڈالر ہوئی جبکہ مارچ میں 2.5 بلین ڈالر ہو گئی۔ فروری 2023 کے مقابلے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجے جانی والی ترسیلات زر میں 27.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ترسیلات زر میں اضافے کی بڑی وجہ عید الفطر ہے۔ عید کے موقع پر بیرون ملک مقیم پاکستانی عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ پیسے ملک میں بھیجتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp