27 اکتوبر یوم سیاہ: کشمیر پر بھارت کے فوجی قبضے کیخلاف مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ

اتوار 27 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مقبوضہ جموں کشمیر پر بھارت کی جانب سے فوجی قبضہ کے خلاف آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیرِ اہتمام سینٹرل پریس کلب کے باہر احتجاج کے دوران مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی تصاویر نذر آتش کیں۔

یہ بھی پڑھیں:مہاجرین جموں و کشمیر نے بھارتی تسلط کیخلاف اقوام متحدہ کو یادداشت پیش کردی

بھارتی قبضہ کیخلاف مظفرآباد میں ریلی منعقد نکالی گئی اور بھارتی فوجی قبضے کیخلاف سیاہ پرچم بھی لہرائے گئے، ریلی کی قیادت اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر اور پاسبان حریت کے سربراہ عزیر غزالی نے کی۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاسبات حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا کہ آج کے دن کشمیری مقبوضہ جموں کشمیر سے بھارتی فوجی انخلا کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ’جموں کشمیر کے عوام بھارتی فوجی قبضے کو کبھی قبول نہیں کریں گے، مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجیوں کے انخلاء تک ہماری مزاحمت جاری رہے گی۔‘

اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے اپنا کردار ادا کرے، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت بھارتی جبرواسبتداد کے خلاف ہر محاذ پر جدوجہد کرے گی، آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کو مسترد کرتے ہیں ۔

مزید پڑھیں:جموں و کشمیر پر بلاجواز بھارتی تسلط کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، عطا تارڑ

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشں لیڈر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ آج ریاست جموں وکشمیر کی لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بھارتی قبضہ کیخلاف احتجاج بھارت کے خلاف ریفرنڈم ہے۔

’ہماری جدو جہد کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی، تحریک آزادی کشمیر میں آزاد کشمیر کے عوام کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ مزاحمت کے لیے تیار ہیں۔‘

کشمیری عوام نے بھارتی فوجی قبضے کیخلاف سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج میں شرکت کی اور کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کیخلاف نعرے بھی لگائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp