وزیراعظم شہباز شریف سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے 27 ویں آئینی ترمیم لانے پر اتفاق کرلیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور میں ان کی رہائشگاہ واقع ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی، اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی نیت صاف ہے، امید ہے تمام وعدے پورے ہوں گے، بلاول بھٹو
بلاول بھٹو کی آمد کے ساتھ ہی وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ ،رانا ثناء اللہ اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ اتحادی جماعتوں کو جاتا ہے، پہلے بھی عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹے نہ ہی اب پیچھے ہٹیں گے، ملکی معاشی اشاریے مثبت ہونے سے مہنگائی میں واضح کمی نظر آرہی ہے۔
مزید پڑھیں: آج طے ہو گیا پارلیمنٹ سپریم ہے، اب پاکستان عظیم بنے گا جسے دُنیا دیکھے گی، شہباز شریف
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے مل کر چلیں گے، غیر جمہوری طاقتوں کا راستہ روکنے کے لیے 26ویں آئینی ترمیم کارگر ثابت ہوگی۔
دوسری جانب شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں اتفاق کیا کہ 27 ویں ترمیم بھی لائی جائے گی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 27 ویں ترمیم میں صوبوں کے حقوق کے حوالے سے خدشات کو دیکھا جائے گا اور اس ترمیم پر مولانا فضل الرحمان، ایم کیو ایم اور دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔