ایمرجنگ ٹیمز ٹی20 ایشیا کپ 2024 کے فائنل میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا، افغانستان نے سری لنکا کے 133 رنز کے جواب میں مطلوبہ ہدف 18.1 اوررز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایمرجنگ ایشیا کپ : افغانستان انڈیا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا
سری لنکا کے 133 رنز کے تعاقب میں افغانستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا توپہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر نقصان اٹھانا پڑا، زبید اکبری بغیر کوئی رنز بنائے پہلی ہی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
افغانستان کی دوسری وکٹ 43 کے مجموعی اسکور پر گری جب درویش رسولی 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے، تیسری وکٹ 95 کے مجموعی اسکور پر گری جب کریم جنت 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔
افغانستان کی اننگز کی خاص بات صدیق اللہ اتل کی شاندار اننگز ہے جنہوں نے نا قابل شکست 55 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد اسحاق نے 16 رنز بنائے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔
مزید پڑھیں:ایمرجنگ ایشیا کپ : سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی
سری لنکا کی جانب سے سہان آراچیگے ، دشن ہیمنتھا اور ایشان ملنگا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل اتوار کو الامیرات کرکٹ گراؤنڈ عمان میں کھیلے گئے مینز ٹی 20 ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2024کے فائنل میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کو جیت کے لیے7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز کا ہدف دیا۔
ایمرجنگ ٹیمز ٹی20 ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ کی 1 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب یشودھا لنکا ایک رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 7 کے مجموعی اسکور پر گری جب نوانیڈو فرنینڈو4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکا کی تیسری وکٹ بھی فوری 13 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب لاہیرو ادارا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، چوتھی وکٹ بھی 15 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب آہان وکرما سنگھےبھی 4 رنز بنانے کے بعد کلین بولڈ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایمرجنگ ٹیمز ٹی 20 ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان شاہینز کو 7 رنز سے شکست دیدی
سری لنکا کی پانچویں وکٹ 65 کے مجموعی اسکور پر گری جب پاون راتھنائیکے 20 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، چھٹی وکٹ107 کے مجموعی اسکور پر گری جب نمیش ویمکتی23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔
سری لنکا کی ساتویں وکٹ 108 کے مجموعی اسکور پر گری جب رمیش مینڈس صفر پر بولڈ ہو گئے، سری لنکا کی اننگز کی خاص بات سہان آراچیگے کی ون مین اننگز تھی جس میں انہوں نے 64 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے، جبکہ دیگر 69 رنز باقی 6 کھلاڑیوں نے بنائے، دشن ہیمنتھا نے 6 رنز بنائے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔
افغانستان کی طرف سے بلال سمیع نے 3 جبکہ اے ایم غضنفر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ سری لنکا پاکستان اے کوسیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل میں پہنچا تھا جبکہ افغانستان نے بھارت کی ٹیم کو سیمی فائنل میں شکست دے کر ایمرجنگ ٹی20 ایشیا کپ کے فائنل میچ تک رسائی حاصل کی تھی۔