ون ڈے اور ٹی20 سیریز، قومی کرکٹ ٹیم کے 7 کھلاڑی آسٹریلیا روانہ

پیر 28 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا کے خلاف 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 میچز کی سیریز میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے 7 کھلاڑی آسٹریلیا روانہ ہوگئے ہیں۔

آج جو کھلاڑی آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوئے ہیں ان میں بابر اعظم، فیصل اکرم، حارث رؤف، محمد حسنین، محمد عرفان خان، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ بقیہ ون ڈے کھلاڑی منگل 29 اکتوبر کو روانہ ہوں گے، پاکستان کے وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن 28 اکتوبر کو میلبورن میں قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے 4 نومبر، دوسرا 8 نومبر جبکہ تیسرا ون ڈے 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ اسی طرح پہلا ٹی20 میچ 14 نومبر، دوسرا ٹی20 میچ 16 نومبر اور تیسرا ٹی20 میچ 18 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان

واضح رہے کہ گزشتہ روز سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا اور زمبابوے کے دوروں کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔  بعدازاں، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کے کپتان کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق، مایہ ناز بیٹر اور وکٹ کیپر محمد رضوان وائٹ بال اور ٹی20 ٹیم کے کپتان ہوں گے اور سلمان علی آغا نائب کپتان ہوں گے۔

بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی جنہیں انگلینڈ کے خلاف آخری دو ٹیسٹ میچوں سے ڈراپ کردیا گیا تھا، آسٹریلیا کے میچز کے لیے واپس آ گئے ہیں تاہم انہیں دورہ زمبابوے میں آرام دیا جائے گا۔ اسی طرح محمد رضوان آسٹریلیا کے میچوں اور زمبابوے کے ون ڈے میچز کے لیے دستیاب ہوں گے تاہم انہیں زمبابوے ٹی20 سے آرام دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان، کس کھلاڑی کی ترقی ہوئی اور کس کی تنزلی؟

پہلی مرتبہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیے جانیوالے کھلاڑیوں میں عامر جمال، عرفات منہاس، فیصل اکرم، حسیب اللہ، محمد عرفان خان اور صائم ایوب شامل ہیں جبکہ جہانداد خان اور سلمان علی آغا پہلی بار ٹی20 اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

ون ڈے اسکواڈ برائے آسٹریلیا

عامر جمال، عبداللہ شفیق، عرفات منہاس، بابر اعظم، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، کامران غلام، محمد حسنین، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی۔

ٹی20 اسکواڈ برائے آسٹریلیا

عرفات منہاس، بابر اعظم، حارث رؤف، حسیب اللہ، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان۔

حسیب اللہ، حارث رؤف، محمد عرفان خان اور سلمان علی آغا وہ 4 کھلاڑی ہیں جو دورہ آسٹریلیا کے آغاز سے زمبابوے کے دورے کے اختتام تک اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp