آئین کی گولڈن جوبلی پر جمہوری اور عوام دوست جماعتوں کا اقتدار میں ہونا حسین اتفاق، وزیر اعظم

پیر 10 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دستور پاکستان 1973 کے 50 سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1973 کا آئین قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور بانیان پاکستان کی بصیرت کا نچوڑ ہے جس نے قوم کو متحد کررکھا ہے.

وزیراعظم نے کہا تاریخ میں پہلی بار تمام جماعتوں نے مل کر آئین کی طاقت سے ووٹ چور، سلیکٹڈ اور مسلط کیے گئے ٹولے کو اقتدار سے نکال باہر کیا۔ ملک کو معاشی ترقی و خود انحصاری سے ہمکنار کرکے اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لاکر آئین کی طاقت اور شان بڑھائیں گے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے دستور کے 50 سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ وزیراعظم نے دستور کا تحفہ دینے والے تمام قائدین، جماعتوں اور ارکان پارلیمان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے ان تمام محترم شخصیات کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے 50 سال میں آئین کی عزت و حرمت بڑھائی اور اس کی مضبوطی میں کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 10 اپریل 1973 سے 10 اپریل 2023 تک دستور پاکستان نے قوم کو متحد رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا دستور ہی پاکستان میں رہنے والی تمام قوموں کا متفقہ عمرانی معاہدہ ہے۔ دستور تمام ریاستی اداروں کی ماں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحات، حادثات اور سازشی واقعات کے باوجود آئین نے اپنے وجود کو برقرار رکھا۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو آئین کے معمار بھی تھے اور اس کے لیے جان قربان کرنے والے بھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس موقع پر محترمہ بے نظیر بھٹو اور قائد محمد نوازشریف کو خاص طور پر سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے آئین کی سربلندی، حفاظت اور فروغ کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ کا حسین اتفاق ہے کہ آئین کی گولڈن جوبلی مناتے ہوئے ملک میں آئین، جمہوریت اور عوام دوست جماعتیں اقتدار میں ہیں۔ آئین کی گولڈن جوبلی ایسے موقع پر آئی ہے جب تاریخ میں پہلی بار تمام جماعتوں نے مل کر آئین کی طاقت سے ووٹ چور، سلیکٹڈ اور مسلط ٹولے کو اقتدار سے نکال باہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کا محافظ اور سمت نما ہے۔ اس کی حفاظت جان دے کر بھی کریں گے۔ ملک کو معاشی ترقی و خود انحصاری سے ہم کنار کرکے اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لاکر آئین کی طاقت اور شان بڑھائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp