نامعلوم افراد نے گھر پر چھاپہ مارا، جو سلوک کیا گیا وہ بتا نہیں سکتی، پی ٹی آئی ایم این اے کی اہلیہ کا انکشاف

منگل 29 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممبر قومی اسمبلی چوہدری اعجاز کی اہلیہ نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ روز قبل نامعلوم افراد نے ہمارے گھر پر چھاپہ مارا، اور ہمارے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ قابل بیان نہیں۔

اسلام آباد میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چھاپہ مارنے والے نامعلوم افراد نے چوہدری اعجاز کا پوچھا تو ہم نے بتایا کہ وہ گھر پر نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی رہنما سینیٹر شبلی فراز کے گھر ایک اور چھاپہ

انہوں نے کہاکہ مجھے کہا گیا اپنے شوہر کو فون کرکے بلاؤ، پھر میرے نمبر سے ان کو کالز کرتے رہے، مگر وہ ملک سے باہر تھے اور اس وقت ایسی جگہ پر تھے جہاں انٹرنیٹ کام نہیں کررہا تھا، اس لیے رابطہ نہ ہوسکا۔

چوہدری اعجاز کی اہلیہ نے کہاکہ مجھے زبردستی لاکر میرے خاوند کے دفتر میں بٹھا دیا گیا، میرے سر پر چادر اور پاؤں میں جوتا تک نہیں تھا لیکن کسی نے میری فریاد نہیں سنی۔

انہوں نے کہاکہ چھاپہ مارنے والوں میں جو 3 لوگ تھے انہوں نے بہت ہی برا سلوک کیا، جو قابل بیان ہی نہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ملازمین پر بدترین تشدد کیا گیا جس سے کسی کا بازو اور کسی کی انگلی ٹوٹ گئی، جبکہ استری گرم کرکے بھی لگاتے رہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ سیاست کے نام پر اتنا ظلم نہ کیا جائے، نامعلوم افراد یہ کہہ کرگئے کہ اگر کسی کو بتایا تو پھر آئیں گے اور اس سے بھی برا حشر کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں عدالتوں اور پارلیمنٹ کے بجائے فیصلہ بالآخر سڑکوں پر ہوگا، سلمان اکرم راجا

انہوں نے کہاکہ میں نے 15 پر رابطہ کیا مگر کوئی بہتر جواب نہیں دیا گیا، اب بھی ہمارے گھر پر چھاپے مارے جاتے ہیں اور ٹارچر کیا جارہا ہے، حالانکہ میں گھریلو خاتون ہوں میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp