پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ یہ سلیکشن کمیٹی پر منحصر ہے کہ کون سا کھلاڑی ٹیم میں ہوگا اور کون سا نہیں میں اس میں مداخلت نہیں کرتا۔
کراچی میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فخر زمان کے حوالے سے بھی فیصلہ سلیکشن کمیٹی ہی کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں سینٹرل کنٹریکٹ نہ ملنے کے بعد فخر زمان نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا؟
محسن نقوی نے کہاکہ 5 سے 7 لوگوں سے کوچنگ کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے، عاقب جاوید کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہاکہ چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی، تمام ٹیمیں ٹرافی کھیلنے پاکستان آئیں گی، بھارت کے معاملے پر اللہ بہتر کرے گا، ہم 15 دسمبر تک اسٹیڈیم کا کام مکمل کرلیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ گیری کرسٹن نے خود معاہدہ ختم کیا، ہم نے ان کے سے معاہدہ نہیں توڑا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے اور بورڈ نے ان کا استعفیٰ قبول بھی کرلیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں گیری کرسٹن مستعفیٰ، ’عاقب جاوید حالات خراب کر رہے ہیں‘، کرکٹ پرستار پھٹ پڑے
پی سی بی نے گیری کرسٹن کے استعفے کے بعد جیسن گلیسپی کو دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔