سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ غریبوں کے لیے عدالت آنا ممکن نہیں ہے، آرمی چیف سے درخواست کرتا ہوں کہ بے گناہوں کو معاف کردیں۔ 26ویں آئینی ترمیم مسلم لیگ ن اور ش سمیت تمام پارٹیوں کے گلے پڑے گی۔
آفریدیوں نے سکھوں کو شکست دی تھی، آرمی چیف سے درخواست ہے بے گناہ لوگوں کو معاف کریں، سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو pic.twitter.com/lNPNLs1690
— WE News (@WENewsPk) October 30, 2024
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی دفعہ پاکستان کی تاریخ میں کوئی آفریدی چیف جسٹس آیا ہے، آفریدیوں نے سکھوں سمیت برٹش اور روس کو شکست دی تھی۔ اس کے بعد امریکا اور اس کے اتحادیوں کو بھی شکست دی۔
’امید کرتا ہوں کہ یحییٰ آفریدی اس ملک میں انصاف کا علم بلند رکھیں گے‘۔
مزید پڑھیں: ’ سیاست چھوڑیں شاعری شروع کر دیں‘ شیخ رشید کی نئی ویڈیو پر صارفین کے تبصرے
شیخ رشید نے کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے بہت دانش مندی کا مظاہرہ کیا ہے، حکومت نے جو خواب دیکھے تھے وہ سارے چکنا چور ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ 27ویں ترمیم کی باتیں کررہے ہیں، مولانا فضل الرحمان نے اس کے خلاف کال دے دی تو ان کو لگ پتا جائے گا۔ 2ہی آدمیوں ایک عمران خان اور مولانا فضل الرحمان نے قوم کی عزت بڑھائی ہے۔ باقی سب نے ستیاناس کیا ہے اور عزت پر جھاڑو پھیرا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’ڈی چوک میں جلوہ ہی دکھا دیں‘ شیخ رشید کی کتوں کے ساتھ وائرل ویڈیو پر صارفین کے تبصرے
شیخ رشید نے کہا کہ جو کچھ اس وقت قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ ہورہا ہے کچھ کہنے کی ضرورت ہی نہیں ہے۔ 27ویں ترمیم کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں، مولانا نے کال دی تو آپ کو جگہ پسند نہیں آئے گی۔
انہوں نے آرمی چیف سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور بے گناہ لوگوں کو معافی دیں، عدالتوں میں آنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ ریڑھی والا اور قلفی والا آئے روز عدالتوں میں نہیں آسکتا ہے۔