مینار پاکستان ترکیہ کے پرچم سے روشن، ’یہ پاکستان کا برج خلیفہ ہے‘

بدھ 30 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں مینار پاکستان کو ترکیہ کے قومی پرچم سے روشن دیکھا جا سکتا ہے، پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور نے ترکیہ کے قومی دن کے موقع پر مینار پاکستان کو سرخ اور سفید ترک جھنڈے سے سجایا، ترک پرچم میں لپٹے مینار پاکستان کو دیکھنے کے لیے اہلیان لاہور کی بڑی تعداد گریٹر اقبال پارک پہنچ گئی۔

  سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس اقدام کو سراہا گیا۔ اسد چوہدری نامی صارف نے مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے انتہائی خوبصورت لائٹنگ سسٹم مینار پاکستان پر لگوا دیا ہے اب مختلف ممالک کے قومی دن یا قومی تہواروں کے حساب سے لائٹنگ کر کے  ان مواقعوں کو منایا جائے گا۔ انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ترکی کے قومی دن پر انتہائی خوبصورت لائٹنگ کا منظر دیکھیں ساتھ ہی انہوں نے مینار پاکستان کو پاکستان کا ’برج خلیفہ‘ قرار دے دیا۔

دانش مسعود لکھتے ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جدید لائیٹنگ سسٹم سے مینار پاکستان کو مزید خوبصورت اور دلکش بنا دیا ہے اس اقدام کے لیے مریم صاحبہ کے لیے داد تو بنتی ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ پاکستان سے محبت کرنے والا ایسا ہی عمل کر سکتا ہے۔

ایک ایکس صارف نے کہا کہ جس طرح ترکیہ کے قومی دن کے موقع پر مینار پاکستان کو سرخ اور سفید ترک جھنڈے سے سجایا گیا اسی طرح سے دسمبر میں متحدہ عرب امارات کے قومی دن  کے موقع پر بھی لائٹنگ کی جانی چاہیے کیونکہ دبئی میں 14 اگست کو برج خلیفہ پر پاکستان  کا قومی پرچم اور ترانہ بجایا جاتا ہے اسی طرح روس چین اور سعودی عرب کے قومی دن پر بھی لائٹنگ کی جائے۔

ترکیہ کے قومی دن پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ترکیہ کےعوام کو قومی دن پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوستی کی بنیاد اخوت اور بھائی چارہ ہے، پاک ترک تعلقات محض دو ممالک نہیں دو عظیم قوموں کا انمول رشتہ بھی ہے، رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترکیہ نے ترقی کے کئی سنگ میل عبور کیے ہیں۔

انہوں نے پیغام میں مزید کہا ہے کہ ثقافتی، تجارتی اور سیاحتی روابط سے دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں قربت بڑھ رہی ہے، دعا گو ہوں کہ پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp