ترجمان بشریٰ بی بی و معاون خصوصی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا مشال یوسفزئی نے بشریٰ بی بی کی اسلام آباد روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گی۔ ان کی آج عمران خان سے ملاقات طے ہے وہ پشاور سے اڈیالہ جیل کے لیے روانہ ہوئی ہیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں موجود ذرائع نے بھی بشریٰ بی بی کی اسلام آباد روانگی کی تصدیق کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد گئی ہیں، اس دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے انہوں نے پشاور ہائیکورٹ سے راہداری ضمانت بھی لی ہے۔ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ سے راہ داری ضمانت ملنے کے بعد بشریٰ بی بی آج وزیراعلیٰ ہاؤس سے اسلام آباد روانہ ہوئی ہیں۔
مزید پڑھیں:’بشریٰ بی بی کے بعد عمران خان کی رہائی بھی جلد ہونے والی ہے‘
ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی انتہائی سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد روانہ ہوئی ہیں جبکہ ملاقات کے بعد وہ کہاں جائیں گی اس حوالے سے کسی کو کچھ نہیں بتایا گیا۔ بشریٰ بی بی کی راہداری ضمانت ہوئی ہے اور امکان ہے کہ وہ زمان پارک لاہور جائیں گی تاہم ترجمان یا پی ٹی آئی نے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔ بشریٰ بی بی عمران خان کو تمام تر صورتحال سے بھی آگاہ کریں گی اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے ہدایت بھی لیں گی۔