محمد رضوان کے کپتان بننے پر خوشی ہوئی، امید ہے وہ کامیاب رہیں گے، شعیب ملک

جمعرات 31 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ محمد رضوان ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں، اس سے پہلے انہیں جب بھی کپتان بنایا گیا اس کے مستقل اچھے نتائج آتے رہے، ان کے کپتان بننے پر خوشی ہوئی ہے، میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں، امید ہے کہ پہلے کی طرح وہ اس بار بھی بطور کپتان کامیابیاں سمیٹیں گے۔

گلوبل ہارمنی ایونٹ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اکثر ہار کو ہم شکست کے طور پر ہی دیکھتے ہیں، لیکن ہار سے آپ سیکھتے ہیں، کامیابی آپ کو اتنا نہیں سکھاتی جتنا کہ آپ ہار سے سیکھتے ہیں، کامیابی صرف آپ کا دماغ خراب کرتی ہے، شکست آپ کو سوچنے پر مجبور کرتی ہے، پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد اگلے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی جو کہ بہت اچھی بات ہے، نوجوانوں کو مشورہ ہے کہ وہ صرف ملک کی خاطر کھیلیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کو ہٹانے کا فیصلہ، عہدے پر شعیب ملک کی نظریں؟

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ سعودی عرب میں جیسے مختلف شعبوں کو اہمیت دی جارہی ہے، اسی طرح کرکٹ کا بھی یہاں کوئی بالکل ویسا ہی نظام قائم کیا جارہا ہوگا جیسا کہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک میں قائم ہے، سعودی عرب میں 150 سے زائد کرکٹ کلب ہیں تو ان کے کھلاڑیوں کو بھی ایک پلیٹ فارم کی ضرورت ہے، میری سعودی حکومت سے درخواست ہے کہ فٹبال کی طرح یہاں کرکٹ کا بھی ایک سسٹم بنایا جائے، اس کے علاوہ دیگر کھیلوں پر کام ہونا چاہیے تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو مواقع حاصل ہوسکیں۔

شعیب ملک نے کہا کہ سعودی عرب جس انداز سے آگے بڑھ رہا ہے، وہ صرف کرکٹ کو ہی نہیں بلکہ کئی شعبوں کو اہمیت دے رہے ہیں، یہاں پر نئی تعمیرات ہورہی ہیں اور بین الاقوامی شخصیات سعودی عرب کے دورے کررہی ہیں، دنیا بھر کے لوگوں کو سعودی عرب میں مواقع حاصل ہورہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، محمد رضوان اور سلمان آغا کی آسٹریلیا روانگی سے قبل محسن نقوی سے ملاقات

ایک سوال کے جواب میں شعیب ملک نے کہا کہ کوئی بھی ملک جب آپ کو مواقع فراہم کرتا ہے تو اسے ایک اچھا اقدام تصور کرنا چاہیے، سعودی عرب بھی اسی جانب گامزن ہے اور یہ پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر کے لوگوں کے لیے مواقع پیدا کررہا ہے۔

ایونٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کلچر بہت خوبصورت ہے، ایونٹ میں 4 دن پاکستان کو دیے گئے ہیں اور لوگ بڑی تعداد میں اس ایونٹ میں شریک ہیں۔ انہوں نے ایونٹ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اچھی علامت ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان ون ڈے اور ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کئی مرتبہ سعودی عرب آیا ہوں لیکن ریاض پہلی بار آیا ہوں، اس دورے میں جدہ، مدینہ اور دمام بھی دیکھا، سعودی عرب برکتوں والی جگہ ہے، یہاں آکر وہ سکون ملتا ہے جو دنیا میں کسی بھی ملک میں نہیں ملتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp