پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر ججز کو بھی پشاور کی عدلیہ کی طرح فیصلے کرنے چاہییں۔
پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ 9 مئی کے مقدمات میں ہمارے کارکنان پشاور انسد دہشتگردی کی عدالت سے بری ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے قاضی فائز عیسی کے خلاف مسلسل زہریلی پوسٹس کا نتیجہ سامنے آ گیا؟
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے مؤقف کی جیت ہے، اس طرح پورے ملک میں ہمارے خلاف مقدمات ہیں، دیگر ججز کو بھی پشاور کی جوڈیشری کی طرح فیصلے کرنے چاہییں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ڈی چوک احتجاج پر مقدمات درج تھے، اس لیے عدالت آیا ہوں، میرے گھر پر چھاپا مارا گیا، بشریٰ بی بی کے لاہور پہچنے پر کریک ڈاون کیا گیا، اسطرح کے حالات میں کیسے کوئی ڈیل ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا جیل سے پیغام آیا کہ حقیقی عدلیہ کا ساتھ دینا ہے، شیخ وقاص اکرم
انہوں نے مزید کہا کہ آج احتجاج کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا، جلسہ کوئی تفریح کے لیے نہیں ہوتا، پارٹی میں کوئی تقسیم نہیں ہے، شیر افضل مروت ہمارے بھائی ہے ان کی رائے کا احترام ہے۔
قبل ازیں، شیخ وقاص اکرم گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ پہنچے تھے۔ ان کی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی 3 لاکھ لوگ مجھے ڈی چوک پر دے، اسٹیبلشمنٹ خود مذاکرات کرے گی، شیر افضل مروت
دوران سماعت وقاص اکرم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وقاص اکرم منتخب رکن قومی اسمبلی ہیں، ان کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں۔ جسٹس اعجاز انور نے سوال کیا کہ آپ کب سے پشاور میں ہیں، اسلام آباد ضمانت کے لیے کیوں نہیں جاتے۔
شیخ وقاص اکرم کے وکیل نے بتایا کہ وقاص اکرم گزشتہ ایک ماہ سے پشاور میں ہیں کیونکہ انہیں گرفتاری کا خدشہ ہے۔ وکیل درخواستگزار نے عدالت سے 3 ہفتے کی حفاظی ضمانت کی استدعا کی۔
جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ ہمارے پاس 7 سے 14 دن تک کی حفاظتی ضمانت کا اختیار ہے۔ بعدازاں، عدالت نے وقاص اکرم کی 14 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے وقاص اکرم کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے اور انہیں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔