وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت پاکستان پوسٹ میں گریڈ 1 سے 15 تک کی مزید 1511 آسامیاں ختم کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان پوسٹ نے عوامی سہولت کے لیے کیا بڑا فیصلہ کیا؟
پاکستان پوسٹ کے ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق 2 ہزار آسامیاں پہلے ہی ختم کر دی گئی ہیں اور 105 آسامیاں ختم ہو چکی ہیں، مجموعی طور پر ادارے سے اب تک کل 3,616 آسامیاں ختم کی جا چکی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ختم کی جانیوالی تمام آسامیاں خالی تھیں، ختم کی گئی آسامیوں میں بڑی تعداد میں اسکیل 7 کی 500 پوسٹ مین کی آسامیاں، اسکیل 2 میں 458 میل چپراسی/پورٹرز، اسکیل 9 میں 274 پوسٹل کلرک کی اور ایس پی او کے اسکیل 14 میں 8 آسامیاں تھیں۔
پاکستان پوسٹ آفس کے ڈائریکٹر جنرل نے وفاقی کابینہ کے 27 اگست کے فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے رپورٹ وزارت مواصلات کو بھجوا دی ہے، سیکریٹری وزارتِ مواصلات پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر کی حیثیت سے ان آسامیوں کے خاتمے کی حتمی منظوری دیں گے۔