قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی بابر اعظم کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنے سے پہلے ہی ایک منفرد اعزاز حاصل ہوگیا ہے اور اب ان کا نام بھی دنیائے کرکٹ کے لیجنڈ بیٹرز کے ساتھ لیا جائے گا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق، بابر اعظم کا بیٹ بھی میلبرن کرکٹ کلب کے اس لونگ روم کی زینت بن چکا ہے جہاں ڈان بریڈمین، ڈیوڈ بون، جیک ہوبز، مائیک بریئرلی اور برائن لارا جیسے عظیم بیٹرز کے بیٹ رکھے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری کردی، بابر اعظم کی پہلی پوزیشن
بابر اعظم کو میلبرن کرکٹ کلب کے لونگ روم کے لیے اپنا وہ بیٹ عطیہ کرنے کی پیشکش کی گئی تھی جو انہوں نے 2022 میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے استعمال کیا تھا۔
بابر، جو ان دنوں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے میلبرن میں موجود ہیں، نے اس پیشکش کو بخوشی قبول کیا تھا۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے، یہ وہ بیٹ ہے جو جس سے میں نے ورلڈ کپ کے فائنل میں بیٹنگ کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ‘بابر اعظم جلد آپ کو کھیلتے نظر آئیں گے’، سابق کپتان کے والد نے سوشل میڈیا پوسٹ میں مزید کیا کہا؟
بابر اعظم نے مزید کہا، ’میری میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے ساتھ خوشگوار یادیں وابستہ ہیں، میں نے یہاں ون ڈے اور ٹیسٹ میچز سمیت بہت کرکٹ کھیلی ہے، یہ میرے پسندیدہ گراؤنڈز میں سے ایک ہے، یہاں پر عظیم کھلاڑیوں کے بیٹ رکھے گئے ہیں، ان کے ساتھ میرے بیٹ کی شمولیت ایک اعزاز کی بات ہے۔‘