پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے حادثے سے دوچار کشتی میں سوار 23 ایرانی ماہی گیروں کو بچانے پر پاک بحریہ کی کاوشوں اور تعاون کو سراہتے ہوئے اس کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نئے بحری جہازوں کی شمولیت کی تقریب، پاک بحریہ سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں رضا امیری نے کہا کہ ’میں حادثے سے دوچار کشتی کی کھلے سمندر میں امداد کی ہنگامی کال پر پاک بحریہ کے بروقت جواب پر انہیں سراہتا ہوں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشتی حادثے میں پھنسے 23 ایرانی ماہی گیروں کو بحفاظت نکالنے پر پاک بحریہ کی مخلصانہ تعریف کرتا ہوں‘۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بین الاقوامی پانیوں میں ریسکیو اور انسانی امدادی آپریشنز میں قریبی باہمی تعاون موجود ہے۔
مزید پڑھیے: ایرانی فضائیہ کے سربراہ جنرل حمید واحدی سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے
انہوں نے مارچ 2024 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ پاکستان نیوی نے آگ میں پھنسے 8 ماہی گیروں کو بھی بچایا تھا۔
رضا امیری نے کہا کہ دونوں برادر ممالک ایران اور پاکستان مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔