صوبہ پنجاب اور بلوچستان نے عوامی فلاح و بہبود کے قابل عمل منصوبوں پر تعاون اور مستقل رابطہ کاری پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ قبل ازیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ آمد پر گورنر پنجاب کو خوش آمدید کہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں گی، سرفراز بگٹی
گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بلوچستان کے صوبائی وزرا میر صادق عمرانی، میر عاصم کرد گیلو، حاجی علی مدد جتک اور بخت محمد کاکڑ بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے میں گڈ گورننس، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات اور بہتری کے لیے جاری اقدامات پر گورنر پنجاب کو آگاہی دی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے ہنر مند افراد بلوچستان مزدوری کے لیے کیوں جاتے ہیں؟
دونوں رہنماؤں نے عوامی فلاح و بہبود کے قابل عمل منصوبوں پر تعاون اور مستقل رابطہ کاری پر اتفاق کیا اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بلوچستان میں جاری عوامی بہبود کے منصوبوں پر اظہار مسرت کیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تشکیل پر خراج تحسین پیش کیا اور انہیں پنجاب کے دورے کی دعوت بھی دی۔