خیبر پختونخوا کابینہ ارکان کی مراعات میں ہوش ربا اضافہ

پیر 4 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا اسمبلی نے خیبر پختونخوا کابینہ ممبران کے ہاؤس رینٹ مراعات میں اضافے کے لیے ترمیمی بل کی منظوری دیدی  جس کے تحت اب کابینہ ارکان ذاتی گھر میں رہ کر بھی گھر کا کرایہ حکومت سے لیں گے۔

اسمبلی اجلاس میں وزیر قانون افتاب عالم نے کابینہ ارکان کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات کا ترمیمی بل پیش کر دیا جسے اسمبلی سے پاس کیا گیا۔ اس اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین موجود نہیں تھے۔

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی کابینہ کے 5 ویں اجلاس میں ترمیم کی منظوری دی تھی جس سے آج اسمبلی سے بھی پاس کیا گیا۔

ہاؤس رینٹ 70 ہزار سے 2 لاکھ، مرمت کے لیے 10 لاکھ

خیبر پختونخوا اسمبلی سے پاس ترمیمی ایکٹ کے مطابق کابینہ ممبران کو کرایے کے گھر میں رہائش کی اجازت ہو گی۔ اور 2 لاکھ روپے حکومت ادا کرے گی جبکہ حکومت اس گھر کی مرمت اور آرائش کا خرچہ بھی دے گی۔ اس ضمن میں انہیں کرایے کے گھروں کی مرمت اور آرائش کے لیے 10 لاکھ روپے تک ملیں گے۔

ذاتی گھر میں رہ کر بھی 2 لاکھ کرایہ لیں گے

ہاؤس رینٹ سبسڈی میں پشاور سے تعلق رکھنے والے ممبران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ قانون کے مطابق جو کابینہ اراکین پشاور سے ہیں یا اپنے ذاتی گھر میں رہتے ہیں ان کے لیے حکومت ماہانہ 2 لاکھ روپے کرایے کی مد میں دے گی جبکہ یہ ممبران ذاتی گھر کے مرمت کے لیے بھی 10 لاکھ روپے لے سکیں گے۔

سرکاری گھر پر افسران کے ڈیرے، وزیر  کے لیے کمی

سرکاری ذرائع کے مطابق پشاور میں صوبائی کابینہ کے ممبران کے لیے خصوصی بنگلے ہیں لیکن وہاں سرکاری افسران رہائش پذیر ہیں۔ جس کی وجہ سے وزیروں کے لیے گھروں کی کمی سامنا ہے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ سرکاری رہائش گاہوں کی کمی کو مدنظر رکھ کر ہاؤس رینٹ سبسڈی میں اضافہ کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp