’نرگس کو فوری انصاف دلوا کر مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے‘ اداکارہ ریشم کا مطالبہ

منگل 5 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ماضی کی مقبول اسٹیج اداکارہ غزالہ عرف نرگس پر چند روز قبل  شوہر کی جانب سے تشدد کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا تھا، اداکارہ نرگس پر مبینہ تشدد کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

  نرگس نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یکم نومبر کی صبح 5 بجے ماجد نے کہا کہ فارم ہاؤس اور دیگر جائیداد میرے نام کرو، زیورات اور نقدی بھی حوالے کرو۔ میں نے انکار کیا تو انسپکٹر ماجد بشیر نے تشدد کرنا شروع کردیا اور سرکاری پستول کے بٹ مارے جس سے چہرے سمیت جسم کے حصوں پر سوجن ہوگئی اور نشان پڑ گئے۔

اداکارہ نرگس کے اس بیان کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں اور ان کے شوہر نے عدالت سے عبوری ضمانت کروا لی۔

یہ بھی پڑھیں: تشدد کیس: اداکارہ نرگس کے شوہر کو عدالت سے ریلیف مل گیا

اب پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریشم نے اس حوالے سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ آپ نے نرگس کی جو تصویریں اور ویڈیوز دیکھی ہیں وہ اس کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں ہے جو وہ سامنے سے دیکھ کر آ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نرگس نے اپنا گھر بچانے کے لیے تھیٹر، فلم اور ہر وہ چیز کرنا چھوڑ دی جو ان کے شوہر کو نا پسند تھی لیکن اس کے باوجود وہ اپنا گھر نہ بچا سکیں۔ ریشم کا کہنا تھا کہ نرگس کو اس درجہ بہیمانہ تشدد کا شکار دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by therealresham (@therealresham)

انہوں نے مزید کہا کہ ہر اس ہاتھ کو کاٹ دینا چاہیے جو عورت پر تشدد کے لیے بڑھتا ہے، انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ نرگس کو فوری طور پہ انصاف دلوا کر اصل مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

ریشم ایک ورسٹائل پاکستانی فلم اور ٹی وی اداکارہ ہیں جو اب تک متعدد ہٹ پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں نظر آ چکی ہیں۔ ان کے سب سے قابل ذکر پروجیکٹس دن، دکھ سکھ، من و سلویٰ، اشک، امر بیل، بنجر، اشتی، چٹ، پائل، سانجھا، کاغذ کی ناؤ ہیں، جبکہ ان کی مقبول فلموں میں جیوا، چور مچائے شور، سنگم اور دیگر شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp