سینیئر کھلاڑیوں کو افغانستان کے بجائے نیوزی لینڈ کے خلاف آرام دینا چاہیے تھا: محمد وسیم

پیر 10 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوم سیریز میں کھیلنے کا موقع دینا چاہیے تھا۔

سابق چیف سلیکٹر محمد وسیم نے نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شارجہ میں کھیلی جانے والی پاک افغانستان سیریز کے دوران ایک ہی وقت میں 5 سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی حکمت عملی درست نہیں تھی۔

محمد وسیم نے سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کے تصور کی حمایت کا اظہار کیا لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ اچانک سے ٹاپ فائیو کھلاڑیوں کو آرام دینے کے بجائے ایک مناسب پالیسی کے ذریعے چلا جا سکتا تھا۔

سابق چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ ہوم سیریز نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے اور سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے اور نیوزی لینڈ کی سیریز اس کے لیے زیادہ موزوں تھی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی رائے میں ہوم سیریز اپنے نوجوانوں کو آزمانے اور اپنے سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا بہترین موقع ہوتا ہے۔

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے سامنے شیڈول تھا اور وہ جانتے تھے کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان آرہی ہے اس لیے انہیں بہتر پلان ترتیب دینا چاہیے تھا۔

انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ایک سینیئر بیٹر کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ سینیئر کھلاڑیوں کی موجودگی سے نئے کھلاڑیوں کی رہنمائی ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دیکھا کہ صائم ایوب اور محمد حارث نے بابراعظم کے ساتھ کھیلتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اگر بابر اعظم نہیں تو محمد رضوان یا فخر زمان میں سے کسی ایک سینیئر کی موجودگی بہت ضروری تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp