اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے وزیر دفاع یوو گیلنٹ کو عدم اعتماد کی بنیاد پر برطرف کردیا، اور وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز کو ان کی جگہ نیا وزیر دفاع مقرر کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے وزیر دفاع یوو گیلنٹ کو ملک کی موجودہ فوجی کارروائیوں سے نمٹنے میں اعتماد کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے برطرف کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: لبنان کا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے گھر پر ڈرون حملہ
ایک بیان میں وزیر اعظم ہاؤس نے اعلان کیا کہ وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نئے وزیر دفاع کا عہدہ سنبھالیں گے۔ دریں اثناء کاٹز کی جگہ گیڈون سار کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔
نیتن یاہو کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم کے طور پر میرا سب سے بڑا فرض اسرائیل کی سلامتی کا تحفظ کرنا اور ہمیں فیصلہ کن فتح کی طرف لے جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران، وزیر اعظم اور وزیر دفاع کے درمیان مکمل اعتماد ضروری ہے۔ بدقسمتی سے، جبکہ ہمیں ابتدائی طور پر یہ اعتماد حاصل تھا اور حالیہ مہینوں میں مہم کے ابتدائی مہینوں میں بہت کچھ حاصل کیا، میرے اور وزیر دفاع کے درمیان یہ اعتماد ختم ہو گیا ہے۔
نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا کہ یوو گیلنٹ اور میرے درمیان شدید اختلافات سامنے آئے۔ میں نے اس خلا کو پر کرنے کی کئی کوششیں کیں، لیکن وہ مزید وسیع تر ہوتے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف ہزاروں اسرائیلی تل ابیب کی سڑکوں پر کیوں نکل آئے؟
انہوں نے کہا کہ یہ مسائل عوامی سطح پر ایک ناقابل قبول طریقے سے سامنے آئے اور اس سے بھی بدتر بات ہمارے دشمنوں نے محسوس کی، جنہوں نے صورتحال کا فائدہ اٹھایا۔
یووگیلینٹ جو ایک سابق جنرل ہیں نے کہا کہ اسرائیل کی ریاست کی سیکیورٹی، میری زندگی کا ہمیشہ سے مشن تھا اور ہمیشہ رہے گا۔ یوو گیلنٹ نے اسرائیل کی سلامتی کو اپنی ترجیح قرار دیا۔
واضح رہے بینجمن نیتن یاہو کا یووگلینٹ پر اعتماد ختم ہوا تو انہوں نے اسرائیل کاٹز کو نیا وزیر دفاع مقرر کیا۔ دریں اثناء کاٹز کی جگہ گیڈون سار کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔