پاکستان میں سویڈن کے سفارت خانے کی جانب سے ویزا سیکشن بند کیے لگ بھگ 2 برس بیت گئے ہیں، تاہم ان دنوں اطلاعات گردش میں ہیں کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بند ہونیوالا ویزا سیکشن اب دوبارہ فعال کیا جارہا ہے۔
اسلام آباد کے ڈپلومیٹک زون میں واقع سویڈش سفارت خانے نے اپریل 2023 میں سیکیورٹی خدشات کے سبب اسلام آباد میں اپنی سرگرمیاں غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے کے حوالے سے ایک سرکلر جاری کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اب 126 ممالک کے شہریوں کو پاکستان کا ویزا ملے گا صرف 24 گھنٹے میں
سفارت خانے نے پہلے5 اپریل اور پھر11 اپریل کو اس سلسلے میں جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ اسلام آباد میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے باعث سویڈن کا سفارت خانہ وزیٹرز کے لیے بند ہے۔
سویڈش سفارتخانے نے اس بیان میں سیکیورٹی خدشات کی بنیاد یا اس بندش سے جڑی دیگر نوعیت کی تفصیلات نہیں بتائی تھی، لیکن اب کہا جارہا ہے کہ سویڈش سفارتخانہ اپنی سرگرمیاں بحال کرنے جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:کیا پاکستانی عمان کا 10 دن کا مفت سیاحتی ویزا حاصل کر سکتے ہیں؟
اس ضمن میں وی نیوز نے جب سویڈش سفارتخانے سے بات کی، تو ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فی الحال ایسا کچھ بھی نہیں ہونے جا رہا اور نہ ہی ایسی کوئی خبر ان تک پہنچی ہے کہ سفارتخانے کی سرگرمیاں بحال یا کچھ عرصہ میں بحال ہو سکتی ہیں۔
’سفارتخانہ تو کھلا ہے لیکن ویزا اینڈ امیگریشن کے لیے وزیٹرز کا داخلہ منع ہے کیونکہ یہاں پر ویزا سیکشن بند ہے۔‘
مزید پڑھیں: امارات میں پاکستانیوں کے لیے ویزا ایمنسٹی اسکیم متعارف، پاکستانی مشنز مستعد
پاکستانی طلبا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سویڈن جانے کے خواہشمند پاکستانی طلبا دنیا کے دوسرے ممالک ایتھوپیا، ملائیشیا، سنگاپور، انڈونیشیا اور دیگر ممالک جا کر گلوبل ویزا سروسز دفاتر کے ذریعے اپلائی کر سکتے ہیں۔
ان کا سویڈن میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ سفارتخانہ صرف سویڈن کے شہریوں کے لیے خدمات فراہم کر رہا ہے، وہ بھی صرف اگر وہ کوئی معمولی معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں مقیم غیرقانونی افغان شہری انخلا کے لیے مزید وقت کے خواہاں
’اگر کوئی ایسی خبر ہوئی تو سفارتخانہ اپنی ویب سائٹ پر نوٹیفیکیشن جاری کر دے گا، اس کے علاوہ جتنی بھی خبریں اس حوالے سے چل رہی ہیں وہ تمام بے بنیاد ہیں، ایسا کچھ نہیں ہورہا اور نہ ہی فی الحال مستقبل کے لیے ایسی کوئی خبر ہے۔‘