مقبوضہ جموں وکشمیر اسمبلی میں آرٹیکل 370 کی بحالی کے لیے قرارداد منظور کرلی گئی، آرٹیکل 370 کی قرارداد نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے رہنما سریندر سنگھ چوہدری نے پیش کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راٹھور نے ارکان سے رائے طلب کی، اسمبلی میں موجود کشمیریوں کےحق پر ڈاکا ڈالنے والے بی جے پی ارکان کی جانب سے قرارداد پیش ہونے کی شدید مخالفت کی۔
مزید پڑھیں: دفعہ 370 کی بحالی، مقبوضہ کشمیر اسمبلی نے بڑا فیصلہ کرلیا
جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے لیڈر آغا سید روح اللہ مہدی نے کہا کہ بی جے پی جموں نہیں ہے، جموں کشمیر اسمبلی کی اکثریت اس قرارداد کے حق میں ہے۔
’اب ہمیں یہ جدوجہد آگے لے کر جانی ہے‘۔
اسمبلی کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا حق دکھایا ہے، جموں و کشمیر کے لوگ بھی یہی چاہتے ہیں، جوجموں کا نوجوان چاہتا ہے ہم نے وہی کیا۔
سربراہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے خلاف قرارداد پیش کرنے پر سجاد لون اور تمام آزاد ایم ایل اے کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے 77 برس، قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور
دوسری جانب کشمیری عوام کا کہنا تھا کہ آج جموں وکشمیر کے لوگ قرارداد پاس ہونے پر خوشیاں منا رہے ہیں۔ جموں و کشمیر اسمبلی میں اس قرارداد کے پاس ہونے کے بعد بھارت کے ایوانوں میں ہلچل ہوگی۔
سیاسی ماہرین نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے لیے مقبوضہ کشمیر اسمبلی میں قرارداد کا پاس ہونا انتہا پسند مودی کے ہندوتوا نظریے کامنہ توڑ جواب ہے۔