وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ بدتمیزی کرنے کے بعد شرپسند عناصر اب سوشل میڈیا پر معافیاں مانگ رہے ہیں۔ ان کا وطیرہ بن چکا ہے کہ عوامی مقامات پر جاکر بدتمیزی اور غل غپاڑہ کریں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انتشار والے اپنے صوبے میں احتجاج کرکے کس سے اور کیا مطالبہ کریں گے؟ تحریک انصاف کےمنفی پروپیگنڈے کے باوجود پاکستان ترقی کررہا ہے، ملک کی خارجہ پالیسی کے ساتھ کھلواڑ نہیں کیا جانا چاہیے۔ پی ٹی آئی والوں کو پتا تھا کہ کوئٹہ میں جلسہ ناکام ہوگا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف 10نومبرکو سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں، وزیراعظم مشرق وسطیٰ پر ریاض سمٹ میں شرکت کریں گے، ریاض سمٹ میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوگی، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریرکو دنیا میں سب سے زیادہ دیکھا گیا۔
’فلسطین کے میڈیکل طلبہ کو پاکستان میں داخلہ دیا گیا ہے‘۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی اندرونی اختلافات کی شکار ہے، عطا تارڑ
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کوپ 29 کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، آذربائیجان پاکستان کا دوست ملک ہے۔ یواے ای کا وفد سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے، یواے ای وفد کی وزیراعظم سے ملاقات ہوگی۔
’وزیراعظم کی تمام ترتوجہ سرمایہ کاری پر مرکوز ہے، وزیراعظم آج بجلی کے شعبے کے لیے بڑا اعلان کریں گے، اکتوبرمیں ترسیلات زرمیں اضافہ بہت حوصلہ افزاء ہے‘۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے، معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں، پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ معیشت کومستحکم کرنے کے بعد ہم ترقی کی جانب گامزن ہیں۔
تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انتشاراپنی روش پر قائم ہے، تحریک انتشار صرف این آر او کے لیے ملک کے امن وامان کوداؤ پر لگارہی ہے، خیبرپختونخوا میں امورنوجوانان پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا پاکستان کے ساتھ تجارت کے لیے تیار مگر پی ٹی آئی کو یہ قبول نہیں، عطا تارڑ
’خیبرپختونخوا کے اساتذہ کے حقوق کو دبانے کے لیے تشدد کا راستہ اپنایا جا رہا ہے، خیبرپختونخوا میں تعلیمی نظام تباہ حال ہے۔ یہ صرف احتجاج اپنے لیڈرکی رہائی کے لیے کرتے ہیں۔ تحریک انتشارکا وطیرہ بن گیا ہے کہ عوامی مقامات پر بدتمیزی اور غل غپاڑہ کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے پارٹی میں ریفرنڈم کرا لیں کہ وہ غلام ہیں یا نہیں، تحریک انصاف کے دورحکومت میں صرف نفرتیں اور تقسیم پیدا کی گئی، تحریک انصاف والے عوام کو بتائیں کہ ایبسلوٹلی ناٹ کس وجہ سے کہا گیا تھا؟