وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو خارجہ پالیسی میں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور پوری دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کررہی ہے اور اس کے ساتھ تجارت کے لیے تیار ہے،کئی دہائیوں بعد 12 ممالک کے سربراہان پاکستان آرہے ہیں، پی ٹی آئی کو پاکستان کی ترقی قبول نہیں، کسی کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کو سبو تاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کسی کو ریڈ زون کے قریب آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی میں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، دنیا بھر کے مختلف سربراہان اور مندوبین پاکستان آرہے ہیں، کچھ دنوں میں سعودی عرب سے وفد آرہا ہے، ملائیشیا کے وزیراعظم اپنا دورہ مکمل کر کے گئے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں سے سفارتی تنہائی ختم ہوئی، 2018 کی حکومت نے پاکستان کو تنہائی کا شکار کیا، وزیراعظم شہباز شریف کی کاوش سے معاملہ بہتری کی طرف گیا، پوری دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس پاکستان میں، 12 ممالک کے سربراہ آئیں گے، عطا تارڑ
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مؤثر انداز میں فلسطین کا مقدمہ لڑا اور مسلم امہ کے جذبات کی ترجمانی کی، انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، وزیراعظم مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے علمبردار بنے، ان کی تقریر کو تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے سراہا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ مہنگائی سنگل ڈیجیٹ میں آچکی ہے، پی ڈبلیو ڈی کا کرپٹ محکمہ ختم کردیا گیا ہے، ایف بی آر میں موجود کرپٹ افسران کو سائیڈ لائن کر دیا گیا ہے، مہنگائی کم ہونا معجزے سے کم نہیں، دنیا پاکستان کو مان رہی ہے، بلوم برگ نے کہا پاکستان کی معیشت ترقی کررہی ہے، ہم حکومتی اخراجات کم اور کرپٹ ادارے بند کریں گے، شہباز شریف کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ کام کرنے والے وزیراعظم ہیں، موڈیز اور فچ کی ریٹنگ میں بھی پاکستان کی ترقی کے اشاریے ہیں، ایف بی آر میں فائلرز کی تعداد دوگنا ہوگئی ہے، پاکستان کی برآمدات دن بدن بڑھ رہی ہیں۔
یہ بھی پٹھیں: آئی ایم ایف معاہدہ معیشت مستحکم کرے گا، ڈیفالٹ کا رونا رونے والے کہاں ہیں؟ عطا تارڑ
وفاقی وزیر عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کئی دہائیوں بعد 12 ممالک کےسربراہان آرہےہیں، ہم چاہتے ہیں کہ جو بھی پاکستان آئے یہاں سے اچھا تاثر لے کر جائے لیکن پی ٹی آئی والوں کا بیانیہ ریاست کے خلاف ہے، ایس سی او کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، یہ این آراو لینے کی کوشش کررہے ہیں، ریڈزون کے قریب کسی کو نہیں آنے دیں گے، کسی کوامن وامان خرا ب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اسلام آباد میں رینجرز اہلکارموجود ہیں، فوج بھی آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صرف انتشار، تشدد، بربادی اور تباہی ہے، پاکستان کے حالات بہتر ہوں تو ان لوگوں کو نیند نہیں آتی، ان لوگوں کا بیانیہ فوج اور ریاست کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے اور مارچ اس لیے ہورہے ہیں کیونکہ انہیں تکلیف یہ ہے کہ معیشت بہتر کیوں ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گرد چڑھائی کررہے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کنٹینر لے کراسلام آباد آرہے ہیں، بیرسٹر سیف نے ٹاک شو میں کہا جے شنکر کواحتجاج میں مدعو کرتے ہیں، صرف بھارتی وزیر خارجہ کو ہی شرکت کی دعوت کیوں دی گئی؟