’اپنی آنکھوں سے قیامت کے مناظر کو دیکھا‘، کوئٹہ دھماکے کے زخمی نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا

ہفتہ 9 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دہشت گردوں نے ایک بار پھر کوئٹہ کو لہو لہو کردیا۔ ہفتہ کی صبح کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر زوردار خودکش دھماکا ہوا جس کے نیتجے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 24 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 50 سے زیادہ زخمی ہیں۔

دھماکے کے شدید زخمی سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں زیرعلاج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں کوئٹہ دھماکا، ذمے داری کالعدم دہشتگرد تنظیم نے قبول کرلی

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دھماکے کے زخمی اور عینی شاہد عبدالجبار نے بتایا کہ آج صبح میں اپنی ٹکٹ لینے کے بعد ریلوے اسٹیشن میں داخل ہوا جہاں کچھ وقت کے لیے اپنے ساتھیوں کے ساتھ کھڑا تھا کہ زور دار دھماکا ہوگیا، اور اس کے ساتھ ہی آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا اور کچھ سمجھ نہیں آرہی تھی کہ کیا ہوا ہے۔

ایک اور زخمی عبدالکبیر نے بتایا کہ دھماکے کے وقت تقریباً 500 سے زیادہ افراد اسٹیشن پر موجود تھے۔ دھماکے میں اور میرے 2 ساتھی بھی زخمی ہوئے جن کا تعلق بہاولپور سے ہے۔ ’اس سے قبل تو ہم دھماکے کا سنا ہی کرتے تھے لیکن آج معلوم ہوا کہ دھماکا کسی قیامت سے کم نہیں ہوتا۔

ریلوے اسٹیشن پر موجود ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وی نیوز کو بتایا کہ صبح جب میں ریلوے اسٹیشن پہنچا تو بے انتہا رش تھا، لوگ سامان لے کر ریل گاڑی کے روانہ ہونے کا انتظار کر رہے تھے کہ اسی دوران زوردار دھماکا ہوگیا، جس کے بعد چاروں طرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا اور ہر جگہ زخمی لوگ گرے ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکا خود کش تھا، پولیس حکام

انہوں نے بتایا کہ ہم دھماکے کی جگہ سے دور تھے جس کی وجہ سے زخمی نہیں ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp