وفاقی اور بلوچستان حکومت کا دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے آخر حد تک جانے کا عزم

ہفتہ 9 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت اور بلوچستان کی صوبائی حکومت نے مل کر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے آخری حد تک جانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر تک پہنچ چکے ہیں، سیکیورٹی فورسز کو جدید سہولیات سے لیس کیا جا رہا ہے، صوبے کو جلد دہشتگردوں سے پاک کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ دھماکا، دہشتگردوں کے ہاتھوں 24 معصوم شہری جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

ہفتہ کے روز ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے کے افسوسناک واقعے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان سے دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے آخری حد تک بھی جانا پڑا تو جائیں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے میں سیکیورٹی لیپس کی تحقیات کا حکم دے دیا ہے، بلوچستان میں جب کبھی بھی واقعات ہوتے ہیں ہم بلوچستان آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بلوچستان حکومت کو وفاقی حکومت کی جانب سے بھرپور معاونت حاصل ہے، ہم مل کر دہشتگردوں کا مقابلہ کریں گے ۔

مزید پڑھیں:پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ کی کوئٹہ دھماکے کی بھرپور مذمت

وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس وقت تک 4 سے 5 خود کش حملہ آور پکڑے جا چکے ہیں، ہم سیکیورٹی فورسز کو جدید سہولیات سے لیس کر رہے ہیں، 5 سے 7 ماہ کے دوران میرا یہ دسواں دورہ ہے، جس کا مقصد بلوچستان حکومت کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کسی ایک صوبے کا نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے اس کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا، اس وقت ہم دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑ رہے ہیں۔ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے سے متعلق تحقیقات کرنے کا کہہ دیا ہے، بہت جلد دہشتگردی کو ختم کرکے دیکھائیں گے۔

اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، دہشتگردی کے متعدد واقعات میں ملوث عناصر تک پہنچ چکے ہیں اور ریلوے اسٹیشن پر رونما ہونے والے اس واقعہ میں ملوث دہشتگردوں تک بھی پہنچیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ دھماکا: شہداء کے ورثہ کے لیے فی کس اضافی 10 لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان

انہوں نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور سرزمین بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے آخری حد تک جائیں گے، دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، غیر انسانی فعل میں مرتکب دہشتگردوں کو ہر صورت کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکا معصوم افراد کو نشانہ بنانے کے واقعات کا تسلسل ہے دہشتگردوں کا ہدف اب عام معصوم افراد، مزدور بچے اور خواتین ہیں۔ معصوم افراد کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد قابل رحم نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں:کوئٹہ دھماکا، ذمے داری کالعدم دہشتگرد تنظیم نے قبول کرلی

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا پیچھا کرتے ہوئے ان کا قلع قمع کریں گے اور حکومت کی رٹ ہر صورت قائم کریں گے انہوں نے شہدا کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

واقعے کے فوری بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹیلفون پر رابطہ کیا اور بلوچستان میں ملک دشمن عناصر کی کارروائیوں کی روک تھام کے لیے تمام مؤثر اقدامات فی الفور اٹھانے پر بھی اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے آخری حد تک جائیں گے اور وفاق اس ضمن میں بلوچستان حکومت کی ہر ممکن معاونت کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp