شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی کے 13 سال

بدھ 12 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یہ وہ وقت تھا جب پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا اپنے عروج پر تھا۔ چینلز کے درمیان ٹی آر پی یعنی ریٹنگ حاصل کرنے، خبر بریک کرنے اور اس پر پھر کئی روز تماشہ کرنے کی نہ رُکنے والی جنگ ہوتی تھی۔

اس وقت مشہور شخصیات کے پاس خبروں میں رہنے کا بھی ایک ہی بڑا ذریعہ تھا اور وہ تھا ٹی وی میڈیا۔ ویسے تو دنیا بھر میں ہی مشہور لوگوں بالخصوص فلمی ستاروں اور کھلاڑیوں کی شادیاں ایک بڑا موضوع رہی ہیں لیکن پاکستان اور انڈٰیا کا میڈیا اپنی مثال آپ ہے۔

یہ 2010 کی بات ہے جب پہلی مرتبہ رنگ برنگے ٹی وی چینلز پر پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی شادی کی خبر بریک ہونا شروع ہوئی۔ جس جس نے پہلے یہ خبر سنی، اس کے منہ سے تو ایک ہی لفظ نکلا اور وہ تھا ‘ہیں؟’

ان دنوں پاکستان اور بھارت کے آپس کے تعلقات ممبئی حملوں، روایتی تنازعات اور سیاسی شدت پسندی کے باعث شدید خراب تھے اور اسی وجہ سے میڈیا سے لے کر عام لوگوں تک کچھ سوالات جو ذہن میں آتے تھے وہ یہ تھے کہ شادی کرنے کے بعد ثانیہ مرزا رہیں گی کہاں؟ کیا وہ پاکستان میں شفٹ ہوجائیں گی؟ کیا وہ پاکستانی نیشنیلیٹی لے لیں گی؟ کیا وہ ٹینس کھیلنا چھوڑ دیں گی؟ کیا شعیب ملک بھارت میں رہیں گے؟ جب شعیب ملک ٹیم کے ساتھ ہوں گے اور ثانیہ مرزا ٹینس میں مصروف ہوں گی تو ان کا گھر کیسے چلے گا؟ پاکستان اور انڈیا کے میچ کے دوران ثانیہ مرزا کس ٹیم کو سپورٹ کریں گی؟

ابھی میڈیا ان سوالوں کی کھوج لگا ہی رہا تھا کہ اس دوران ایک نیا بڑا اسکینڈل سامنے آیا اور خبر آئی کہ بھارتی شہر حیدرآباد میں ملک صاحب کی پہلے سے ہی ایک بیوی موجود ہے جس کا نام عائشہ صدیقی ہے۔

خبر آنے کی دیر تھی اور پھر ہر طرف شعیب ملک کی پہلی بیوی کا نام گونجنے لگا۔ میڈیا پر ان کے بیانات چلنے لگے اور پتا چلا کہ شعیب ملک اور ان کا پہلے نکاح ہوچکا ہے اور وہ دونوں ایک دوسرے کو 2002 سے جانتے ہیں اور ان کے درمیان یہ تعلق ایک فین کال کے ذریعے شروع ہوا تھا جو عائشہ نے شعیب کو کی تھی۔

شعیب ملک نے اپنے پہلے نکاح کی خود تصدیق ٹی وی پر کی اور یہ بھی بتایا تھا کہ ان کی اہلیہ جدہ میں رہتی ہیں۔ عائشہ سعودی عرب میں مبیّنہ طور پر ٹیچر تھیں اور شعیب سے ان کا نکاح 2002 میں ٹیلیفون پر ہوا تھا۔ یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ شعیب نے ان سے ملنے کی کئی مرتبہ کوشش کی لیکن وہ بے سود رہے کیونکہ عائشہ کسی نہ کسی وجہ سے ان سے ملنے سے انکار کردیتی تھیں۔

خیر ثانیہ مرزا سے شادی سے کچھ روز قبل اُن دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔ شعیب اور ثانیہ کی شادی جب چل رہی تھی تو اس دوران ایک مزید خبر یہ آئی کہ ثانیہ مرزا کی منگنی اپنے بچپن کے دوست سہراب مرزا سے ہوئی تھی تاہم یہ منگنی ذاتی وجوہات کے باعث ٹوٹ گئی تھی۔

ثانیہ اور شعیب کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا۔ دونوں ممالک کے میڈیا نے اس تاریخی شادی کو بھرپور کوریج دی۔ اس سے قبل محسن حسن خان اور ظہیر عباس بھی بھارتی خواتین سے شادیاں کرچکے تھے لیکن ملک-مرزا جوڑی کی شادی سب سے زیادہ مشہور ہوئی۔ اتنی مشہور کہ اس سے قبل صرف ویر اور زارا کی فلمی جوڑی ہی اتنی مشہوری حاصل کرسکی تھی۔

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی کی مہندی اور سنگیت کی تقریب حیدرآباد میں ہوئی تھی۔ دونوں طرف سے کُل ملا کر 70 کے قریب افراد شریک ہوئے تھے جس میں صرف گھر والے اور قریبی عزیز ہی تھے۔

ثانیہ مرزا نے بارات کے دن اپنی والدہ کا وہ جوڑا پہنا تھا جو انہوں نے اپنی شادی پر پہنا تھا جبکہ شعیب نے کالی شیروانی کے ساتھ ایک خوبصورت کالی ٹوپی بھی پہن رکھی تھی۔ اس کے بعد ولیمے کی تقریب کا انعقاد سیالکوٹ میں کیا گیا تھا۔

شادی کے بعد دونوں میاں بیوی نے دبئی میں رہنے کا فیصلہ کیا تاہم دونوں ایک دوسرے کے ملک گاہے بگاہے چکر لگاتے رہتے ہیں۔ شادی کے بعد شعیب کرکٹ میں اور ثانیہ ٹینس میں مصروف ہوگئیں اور دبئی میں ہی رہنے لگے۔ 2018 میں شعیب ملک نے اعلان کیا کہ ان کے ہاں بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی ہے اور وہ دونوں اپنے بچے کی مل کر پرورش کریں گے۔

سب کچھ بالکل ٹھیک اور معمول کے مطابق چل رہا تھا کہ گزشتہ سال دونوں کے بارے میں علیحدگی کی خبریں آنے لگیں۔ سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کرنے لگیں کہ اس معروف جوڑے کے درمیان علیحدگی ہونے والی ہے یا ہو چکی ہے لیکن ایک مرتبہ پھر سے شعیب ملک اور ثانیہ کی جانب سے کوئی خاص جواب تو نہ آیا لیکن آل راؤنڈر نے اپنی انسٹاگرام بائیو پر ‘ہسبنڈ ٹو اے سپر وومن ثانیہ مرزا’ لکھ کر اپنی جانب سے تمام افواہوں کو ختم کردیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp