پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ اور جنرل فیض نے دہشتگردوں کو خیبرپختونخوا میں واپس لا کر بسایا، جو پی ٹی آئی کے کھاتے میں ڈالا جارہا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بدامنی ہے، لیکن یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر ادارے کیا کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں فورسز اور عوام پر حملے جہاد نہیں جہالت، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک مقابلہ کریں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
انہوں نے کہاکہ جب ادارے لوگوں کے اغوا کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہوں گے تو پھر امن و امان کے لیے کردار کون ادا کرےگا۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ صوابی میں پی ٹی آئی نے بھرپور جلسہ کیا، اب جو فائنل کال دی جائے گی اس میں اگر ہم ناکام ہوگئے تو پھر 6 ماہ تک ہم وہ ماحول نہیں بنا سکیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کا کارکن آج بھی چاہتا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے فائنل کال دی جائے، اور یہ بات بھی درست ہے کہ ورکر کنفیوژن کا شکار ہے۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ ہر طبقے کے لوگوں کو ظلم اور جبر کے خلاف مزاحمت کرنی چاہیے، کیونکہ زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا حکومت دہشتگردوں کی سہولت کار، اے پی سی میں اپنا موقف رکھیں گے، بلاول بھٹو
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے اساتذہ ہمارے لیے قابل احترام ہیں، ان کے مسائل حل ہونے چاہییں لیکن وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کے فنڈز روک رکھے ہیں۔