شدید دھند کے باعث ملک بھر میں 2 پروازیں منسوخ، 36 تاخیر کا شکار

پیر 11 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب میں شدید دھند کی وجہ سے 2 پروازیں منسوخ جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 36 پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، شدید دھند کے باعث فیصل آباد اور ملتان کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، دونوں ایئر پورٹس کی 3 پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں پر لینڈ کرایا گیا جبکہ ملتان کی 2 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان بھر میں شدید اسموگ سے فضائی آپریشن متاثر، 34 پروازیں منسوخ

 ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے جدہ سے ملتان کی غیرملکی ایئرلائن کی 2 پروازیں ایس وی 800 اور 801 کو منسوخ کردیا گیا۔ دبئی سے ملتان کی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 811 کو کراچی اتارا  گیا، جبکہ کراچی سے ملتان کی پرواز پی کے 330 کو لاہور ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ شارجہ سے فیصل آباد کی غیرملکی ایئرلائن کی پرواز جی 9562 کو بھی لاہور ایئر پورٹ پر اتارا گیا۔

ملتان سے دبئی کی غیرملکی ایئرلائن کی پرواز ایف زیڈ 326 تقریباً 2 گھنٹے 45 منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ فیصل آباد سے شارجہ کی پرواز ایف زیڈ 392 میں 3 گھنٹے تاخیر کی گئی۔ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 300 کی روانگی میں آج بھی 3 گھنٹے سے زائد کی تاخیر کی گئی۔ اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی کے 301 میں بھی 3 گھنٹے تاخیر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موسم سرما میں اسموگ کیوں بڑھ جاتی ہے؟

کراچی سے فیصل آباد کی پرواز پی کے 340 کی روانگی میں بھی تاخیر کردی گئی اور جدہ، استنبول اور کولمبو کی کراچی کی 10 پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔ اسلام آباد سے کوئٹہ کی پروازیں پی کے 325 اور 326 کی روانگی میں تقریباً 4 گھنٹے کی تاخیر کی گئی ہے۔ اسلام آباد سے نجف، جدہ، بحرین، شارجہ، کوالالمپور اور دبئی کی پروازوں میں بھی تاخیر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان خصوصاً پنجاب کے علاقوں میں شدید دھند کے باعث ہفتہ اور اتوار کو بھی خلائی آپریشن میں خلل آیا تھا جس سے کئی اندرون ملک اور بیرون ملک 34 سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو ایوی ایشن نے بتایا ہے کہ اسموگ اور دیگر آپریشنل چیلنجز کی وجہ سے ملک بھر میں 34 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp