آسٹریلوی فوج کے سربراہ کا جی ایچ کیو کا دورہ، گارڈ آف آنر پیش

پیر 11 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلوی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سائمن سٹورٹ نے پاک فوج کے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا ہے، اور آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور آسٹریلوی فوج کے سربراہ کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص عالمی اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو سراہا، انہوں نے امن اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کے فروغ کے لیے پاک آسٹریلیا تعلقات کی اہمیت اجاگر کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دفاع اور سیکیورٹی میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آسٹریلوی فوج کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق قبل ازیں جی ایچ کیو پہنچنے پر آسٹریلوی آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آسٹریلوی فوج کے سربراہ کا جی ایچ کیو پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp