ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم حکومتی عہدوں کے لیے نامزدگیوں کا اعلان، ایلون مسک کا کیا کردار ہوگا؟

بدھ 13 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے آئندہ دور صدارت میں اہم عہدوں پر تعیناتیوں کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کردیا ہے، جس میں ارب پتی ایلون مسک بھی شامل ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ایکس‘ اور ’اسپیس ایکس‘ کے مالک ایلون مسک کو ’حکومتی کارکردگی‘ کے نئے مجوزہ محکمے کی قیادت جبکہ ان کی معاونت کے لیے ویوک راماسوامی کو نامزد کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز کے میزبان اور سابق فوجی اہلکار پیٹ ہیگسیتھ کو وزیر دفاع نامزد کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نو منتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا 10 نکاتی ایجنڈا کیا ہے؟

ڈونلڈ ٹرمپ نے جان ریٹکلف کو سی آئی اے کا ڈائریکٹر نامزد کیا ہے۔ اس حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جان ریٹکلف ہمیشہ سے امریکی عوام کے ساتھ سچائی، ایمانداری کے لیے جنگ کررہے ہیں، وہ تمام امریکی شہریوں کے آئینی حقوق کے لیے نڈر رہنما ثابت ہوں گے اور قومی سلامتی کے اعلیٰ ترین درجات کو یقینی بناتے ہوئے امن کو یقینی بنائیں گے۔

ٹرمپ نے مائیک ہکابی کو اسرائیل میں امریکا کے سفیر کے طور پر نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ خوشی ہورہی ہے کہ آرکنساس کے سابق گورنر مائیک ہکابی کو اسرائیل میں سفیر کے طور پر نامزد کررہا ہوں، وہ مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے انتھک محنت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلا انٹرویو، پالیسی بیان دے دیا

نومنتخب صدر ٹرمپ نے رئیل اسٹیٹ انویسٹر اسٹیون وٹکوف کو اسرائیل کے لیے اپنا نمائندہ خصوصی نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسٹیون وٹکوف سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دیرینہ ساتھی ہیں۔

نومنتخب صدر نے مائیک والٹز کو قومی سلامتی کا مشیر مقرر کیا ہے۔ مائیک والٹز چین کے سخت مخالف ہیں اور وہ نیٹو رکن ممالک سے دفاعی بجٹ میں اضافے کا مطالبہ کرچکے ہیں اور وہ ڈونلڈ ٹرمپ سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل مشکل میں پھنس گیا، امریکا نے بلڈوزر اور ہیوی بموں کی فراہمی روک دی

ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے سابق سیکریٹری کابینہ ولیم مکگنلے کو اپنا وائٹ ہاؤس کونسل نامزد کیا ہے۔ ولیم مکگنلے ڈونلڈ ٹرمپ کی 2016 کی انتخابی مہم میں ان کے ہمراہ تھے اور انہوں نے ٹرمپ کے دور صدارت میں 2 سال تک وائٹ ہاؤس میں سیکریٹری کابینہ کے طور پر فرائض سرانجام دیے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ ممکنہ طور پر مارکو روبیو کو وزیر خارجہ نامزد کرسکتے ہیں تاہم انہوں نے اس بارے میں تاحال حتمی  فیصلہ نہیں کیا۔ مارکو روبیو کو خارجہ امور پر دسترس رکھنے پر ریپبلکن پارٹی میں خاصی شہرت حاصل ہے۔ علاوہ ازیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے ساؤتھ ڈکوٹا کی گورنر کرسٹی نوئم کو داخلی سلامتی کی وزیر  جبکہ لی زیلڈن کو ای پی اے کا سربراہ نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp