وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چند دن قبل گلے کے علاج کے لیے جنیوا گئیں جہاں سینیئر وزیرپنجاب مریم اورنگزیب اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اب جنیوا سے لندن واپس آچکی ہیں جہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میرا علاج جاری ہے اور میں اب ٹھیک ہوں۔ پنجاب ایئر لائن شروع کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایئر پنجاب شروع کرنی چاہیے، اس پر ابھی غور کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا مریم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں؟
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اسموگ کا مسئلہ برسوں پرانا ہے راتوں رات حل نہیں ہوگا، ماضی میں اسموگ کے مسئلہ کو سنجیدہ نہیں لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اچھی خبریں آرہی ہیں اور ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے، مہنگائی کم ہو رہی ہے، پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، یہاں محنت کرنے والے مخلص لوگ چاہئیں، مجھے پوری امید ہے پاکستان مشکلات سے جلد نکلے گا۔
I’m undergoing treatment, but Alhamdulillah, I’m doing well! We’re exploring and considering the idea of starting Punjab Airline.
– CM Maryam Nawaz Sharif pic.twitter.com/Dt00qxGbyk
— PMLN (@pmln_org) November 12, 2024
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے جنیوا جانے کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر خبریں زیرگردش تھیں کہ وہ گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں۔ وی نیوز نے اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں اور مریم نواز کے قریبی ساتھیوں سے رابطہ کیا جنہوں نے بتایا کہ مریم نواز کے حوالے سے اس طرح کی بات بالکل بے بنیاد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کو گلے کے کینسر سے متعلق حقیقت کیا؟ ن لیگ کی عمران خان کو ایک اور آفر
یاد رہے کہ اس سے قبل مریم نواز پی ڈی ایم دور حکومت میں بھی گلے کے علاج کے لیے جنیوا گئی تھیں، جہاں ان کے گلے کی سرجری بھی ہوئی تھی، اب دوبارہ گلے کے علاج کے لیے جنیوا جانے سے چند روز قبل وہ شریف میڈیکل اسپتال بھی گئی تھیں، جہاں پر انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی تھی۔