اسموگ کے باعث موٹروے مختلف مقامات سے بند، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی جاری

بدھ 13 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے بدترین اسموگ کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث مختلف موٹرویز کو حد نگاہ کم ہونے پر کئی مقامات سے بند کردیا گیا ہے جبکہ صوبہ بھر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں مزید تیزی کردی گئی ہے۔

ترجمان سٹی ٹریفک اور موٹروے پولیس کے مطابق، اسموگ اور دھند کے باعث موٹروے ایم 2 کو لاہور سے شیخوپورہ تک، موٹروے ایم 4 کو لاہور سے درخانہ تک اور ایم 11 سیالکوٹ موٹروے کو سمبڑیال تک بند کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں اسموگ کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا، کروڑوں افراد کو خطرات لاحق

ترجمان کا مزید کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، موٹروے پر سفر کرنے والے اسموگ اور دھند کے موسم میں دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر رات کو سفر کرنا پڑے تو گاڑی کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ پنجاب کے بیشتر علاقے بدترین اسموگ کی لپیٹ میں ہیں۔ ایئر کوالٹی انڈیکس دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔ یہ صورتحال کروڑوں شہریوں کے لیے سنگین خطرات پیدا کررہی ہے۔ فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کی صحت متاثر ہورہی ہے اور اسپتالوں میں رش بڑھتا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات کی اسموگ سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو معاونت کی پیشکش

اسموگ کے باعث پنجاب میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، فضائی آلودگی سے تعلیمی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں، اسموگ کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر پنجاب کے تمام اضلاع میں نجی و سرکاری اسکولز بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب صوبہ بھر میں اسموگ کی روک تھام کے لیے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں تیزی لاتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 کروڑ روپے سے زائد   کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp