بھارتی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کیسے پاکستان آسکتی ہے؟ نجم سیٹھی نے طریقہ بتادیا

بدھ 13 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان چاہتا ہے کہ بھارتی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے یہاں آئے تو اسے بیک ڈور چینل کے ذریعے نریندر مودی سے رابطہ کرنا چاہیے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کرنے کے بعد پاکستان کا جو مؤقف سامنے آیا ہے یہ پی سی بی یا حکومت کا نہیں بلکہ پالیسی کہیں اور بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں ’نواز شریف اگر مودی کو کال کریں تو بھارتی ٹیم پاکستان آسکتی ہے‘

نجم سیٹھی نے کہاکہ پاکستان کئی بار کھیلنے کے لیے بھارت جا چکا ہے، آئی سی سی کلیئر ہے کہ اگر ایک ملک ایونٹ نہیں کرا سکتا تو اسے شفٹ کیا جاسکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ماضی میں ایک بار جنرل باجوہ اور پھر عمران خان نے بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات بحال کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے مزید کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بی سی سی آئی ہی سمجھا جائے۔

واضح رہے کہ بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے، تاہم پی سی بی نے بھی دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کوئی ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں، اگر بھارت چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آتا تو آئندہ ہم بھی ان کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں شاہد آفریدی چیمپیئنز ٹرافی میں تمام ٹیموں کو دیکھنے کے لیے پُرامید

دوسری جانب کرکٹ کے ایک نامور بھارتی صحافی ایل پی کے ساہی نے تجویز دی ہے کہ اگر سابق وزیراعظم نواز شریف نریندر مودی کو ایک ٹیلی فون کال کرلیں تو یہ فون کال بھارتی کرکٹ ٹیم کے 16سال بعد پاکستان جانے کا راستہ کھول سکتی ہے۔ یہی آخری اور بہترین آپشن بھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp