پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں صوبے میں اسموگ کے معاملے پر گرما گرم بحث ہوئی ہے، حکومتی و اپوزیشن ارکان نے ایک دوسرے کو نشانے پر رکھا، بعد ازاں اپوزیشن لیڈر کی گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتاری کے خلاف حزب اختلاف نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
صوبے میں اسموگ ایمرجنسی کا اعلان کیا جائے، اعجاز شفیع
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن رکن اعجاز شفیع نے کہاکہ آج پورا پنجاب اسموگ کی لپیٹ میں ہے، صوبے میں اسموگ ایمرجنسی کا اعلان کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں مریم نواز نے پنجاب سے اسموگ کے خاتمے کا ٹائم فریم دے دیا
انہوں نے کہاکہ یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق پورے پنجاب میں 11 ملین بچے اسموگ کا شکار ہیں جن میں سے 12 فیصد کی اموات ہورہی ہیں۔
اعجاز شفیع نے کہاکہ 11 سال صوبے میں مسلم لیگ ن کی حکومت رہی، بتایا جائے انہوں نے کیا کیا، 20 بھٹے جو گرائے جارہے ہیں، بتایا جائے وہاں پہلے احتیاطی تدابیر کیوں اختیار نہ کی گئیں۔
رکن اسمبلی نے کہاکہ اسکول بند ہونے سے ایک کروڑ بچوں کی تعلیم متاثر ہوگی جبکہ کاروباری طبقہ بھی متاثر ہورہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری وزیراعلیٰ، سینیئر وزیر اور چیف سیکریٹری لندن میں ہیں، تو بتایا جائے بات کس سے کریں۔
اپوزیشن اسموگ کے معاملے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہے، مجتبیٰ شجاع الرحمان
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہاکہ اپوزیشن اسموگ کے معاملے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسموگ نے جب 2017 میں سر اٹھایا تو شہبازشریف نے اقدامات شروع کردیے تھے، اس کے بعد 4 سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی، سوال یہ ہے کہ وہ کیا کرتے رہے۔
انہوں نے کہاکہ اسموگ پر کنٹرول کے لیے پوری کوشش کی جارہی ہے، فوراً بہتری نہیں آسکتی، اس کے لیے وقت چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ مصنوعی بارش کے لیے تیاری مکمل ہے، لیکن بادلوں کا کچھ فیصد ہوتو کیمیکل کا چھڑکاؤ ہوتا ہے۔
بتایا جائے مصنوعی بارش کب برسائی جائے گی، رانا آفتاب
اپوزیشن رکن رانا آفتاب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پورے صوبے میں صحت کے مسائل جنم لے رہے ہیں، اور اسپتال بھر گئے ہیں، سوال یہ ہے کہ ہنگامی اقدامات کیوں نہیں کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں اسموگ شادیوں پر بھی اثرانداز، پنجاب حکومت کی نئی حکمت عملی کیا ہے؟
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی مصنوعی بارش برسانی ہے تو حکومت بتا سکتی ہے کب ہوگی۔
ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، علی حیدر گیلانی
حکومتی رکن علی حیدر گیلانی نے بھی اسموگ کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ جو لوگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کررہے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
اسموگ ایک دن، ایک سال یا 5 سال میں ختم نہیں ہوسکتی، اسپیکر ملک محمد احمد خان
اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہاکہ اگر کوئی کہے کہ اسموگ ایک دن، ایک سال یا 5 سال میں ختم کردیں گے تو اس سے اتفاق نہیں کروں گا۔
اسپیکر نے کہاکہ چین نے 10 سال میں اسموگ پر قابو پایا، ہم شہر سے کارخانے ختم کردیں گے، ہمیں لانگ ٹرم منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ نئے شہر آباد کرنا پڑیں گے، موجودہ شہر اربن پلاننگ کے بغیر بنے ہیں، اگر پرائیویٹ سیکٹر نئے شہر آباد کرتا ہے تو حکومتی ادارے ان کو مار دیتے ہیں، میں خود سمیت کسی کو بری الذمہ قرار نہیں دوں گا۔
یہ بھی پڑھیں پنجاب میں اسموگ کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا، کروڑوں افراد کو خطرات لاحق
بعد ازاں اپوزیشن رکن رانا شہباز نے اپوزیشن لیڈر احمد خان بچھر کو گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں گرفتار کرنے پر احتجاج ریکارڈ کرایا اور اپوزیشن ایوان سے واک آؤٹ کرگئی۔