پہلا ٹی20: آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دیدی

جمعرات 14 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 3  ٹی20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آسٹریلیا نے 29 رنز سے جیت لیا، بارش کے باعث 7، 7 اوورز تک محدود کیے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز ہی بنا سکی۔

آسٹریلیا کے 93 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور کپتان محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تو صاحبزادہ فرحان 2 چوکوں کی مدد سے 8 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 12 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان محمد محمد رضوان بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، تیسری وکٹ 16 کے مجموعی اسکور پر گری جب عثمان خان 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی 16 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب بابر اعظم محض 3 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پانچویں وکٹ بھی 16 کے مجموعی اسکور پر گری جب عرفان خان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی چھٹی وکٹ 24 کے مجموعی اسکور پر گری جب سلمان آغا بھی 4 رنز پر آؤٹ ہو گئے، ساتویں وکٹ 47  کے مجموعی اسکور پر گری جب حسیب اللہ خان12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی آٹھویں وکٹ 64 کے مجموعی اسکور پر گری جب شاہین شاہ آفریدی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پاکستان کی 9 ویں وکٹ 64 کے مجموعی اسکور پر گری جب نسیم شاہ بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔کپتان رضوان سمیت پاکستان کے 3 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہو ئے۔

آسٹریلیا کی طرف سے زیویربارٹلیٹ اور ناتھن ایلس نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اسپنر ایڈم زمپا 2 اوراسپینسرجانسن1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

برسبین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تواوپنرجیک فریزر مکگرک دوسرے اوور میں ہی پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 5 گیندوں پر 9 رنز بنائے اور نسیم شاہ کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اوپنر میتھیو شارٹ تیسرے اوور میں حارث رؤف کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 4 گیندوں پر 7 رنز بنائے۔

گلین میکسویل نے شاندار اننگز کھیلی اور 19 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے اور پھر چھٹے اوور میں عباس آفریدی کی گیند پرعثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ عباس آفریدی کے اسی اوور کی آخری گیند پر ٹم ڈیوڈ بھی چلتے بنے، انہوں نے 8 گیندوں پر 10 رنز بنائے اور صاحبزادہ فرحان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹوئنس 7 گیندوں پر 21 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں، پاکستان اور آسٹریلیا کا پہلا ٹی20 میچ تاخیر کا شکار ہوگیا تھا اور خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ اگر بارش نہ رکی تو دونوں ٹیموں کے درمیان میچ نہیں ہوسکے گا۔

 غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین برسبین میں پہلا ٹی20 پاکستانی وقت کے مطابق آج دن ایک بجے شروع ہونا تھا، تاہم بارش کی وجہ سے کھیل 2 گھنٹے سے زائد وقت کے لیے رکا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز کو اہمیت نہ دینے پر جیسن گلیسپی کی آسٹریلیا پر تنقید

اس حوالے سے پہلے کہا جارہا تھا کہ اگر بارش رک گئی تو محدود اوورز کا کھیل ہوگا۔ بعدازاں، میچ ریفری نے اعلان کیا تھا کہ اگر میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے 3 بجے تک شروع نہ ہوسکا تو پھر یہ میچ نہیں کھیلا جائے گا۔

کوئنز لینڈ کے محکمہ موسمیات کے مطابق، برسبین میں تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کا امکان ہے۔

پاکستان پلیئنگ الیون

صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، کپتان محمد رضوان، بابر اعظم، حسیب اللہ خان، سلمان آغا، عرفان خان، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، حارث رؤف، عباس آفریدی

آسٹریلیا پلیئنگ الیون

میتھیو شارٹ، جیک فریزر مکگرک، گلین میکسویل، ٹم ڈیوڈ، کپتان جوش انگلس، مارکس اسٹوئنس، ایرون ہارڈی، نیتھن ایلیس، زیویئر بارلے، اسپینسر جانسن، ایڈم زمپا،

یہ بھی پڑھیں: 22سال بعد آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست:’ یہ ہمارے لڑکے نہیں ہیں‘

واضح رہے کہ  پاکستان کی کرکٹ ٹیم ان دنوں دورہ آسٹریلیا پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کھیل چکی ہے جس میں گرین شرٹس نے کینگروز کو 1-2 سے شکست دی تھی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹی20 سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹی20 میچ 16 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ جبکہ تیسرا اور آخری ٹی20 میچ 18 نومبر کو بیلریو اوول ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔ ٹی20 سیریز کے تینوں میچز نائٹ ہوں گے اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp