چیمپیئنز ٹرافی کے براڈکاسٹنگ رائٹس خریدنے والی کمپنیوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر دباؤ بڑھاتے ہوئے چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول فوری طور پر جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول رواں ہفتے کے شروع میں جاری ہونا تھا لیکن بھارتی حکومت کی جانب سے ایونٹ کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کے باعث اس میں تاخیر کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی میں انڈیا کو ویلکم کریں گے، کپتان محمد رضوان
رپورٹس کے مطابق براڈکاسٹنگ رائٹس جو 2027 تک نشریاتی اداروں کو 3بلین ڈالر میں دیے گئے، اور آئی سی سی نے یقین دلایا تھا کہ اس سرکل میں پاک بھارت میچز لازمی ہوں گے۔
براڈکاسٹرز پاک بھارت میچز سے سب سے زیادہ آمدنی کماتے ہیں، کیونکہ یہ میچز بڑے پیمانے پر شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں اور نمایاں اشتہاری آمدنی پیدا کرتے ہیں۔
شیڈول کا جلد از جلد اجراء براڈکاسٹروں کو ان ہائی اسٹیک ایونٹس کے لیے اپنی پروموشنل اور تجارتی منصوبہ بندی کو زیادہ سے زیادہ بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔
خیال رہے 9 نومبر کو بھارتی کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو مطلع کیا کہ وہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ’بھارت چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے نہ آیا تو پاکستان آئندہ ان کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا‘
کرک انفو کے مطابق بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر آئی سی سی کو مطلع کیا کہ بھارتی حکومت نے ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے 2008 کے ایشیا کپ کے بعد سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان جاری سیاسی بے چینی کی وجہ سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ دوسری جانب پاکستان گزشتہ 16برسوں میں 4مرتبہ بھارت کا دورہ کرچکا ہے۔ حال ہی میں آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 کے لیے بھی قومی ٹیم بھارت کا دورہ کرچکی ہے۔