فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائرز مرحلے میں سعودی عرب اور آسٹریلیا کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ یہ میچ جمعرات کو ’ریکٹینگیولر- ملبورن‘ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، یہ میچ اماراتی ریفری عادل النقبی کی زیر نگرانی ہوا۔
جمعرات کو سنسنی خیز میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کے گول پر متعدد حملے کیے، لیکن کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ سعودی گول کیپر احمد الکسار نے کئی خطرناک حملے ناکام بنائے، جن میں 13 ویں منٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے ایک یقینی گول کو بچانا بھی شامل ہے۔
سعودی ٹیم کے کھلاڑی ناصر الدوسری نے بھی بہترین کھیل پیش کیا۔ 27 ویں منٹ میں ان کی ایک زبردست شاٹ کو آسٹریلوی گول کیپر ’جاؤسی‘ نے مشکل سے روک کر کارنر پر بھیج دیا۔ پہلے ہاف کے آخری لمحات میں بھی آسٹریلیا کو برتری حاصل کرنے کا موقع ملا، لیکن الکسار کی شاندار کارکردگی نے سعودی ٹیم کو محفوظ رکھا۔
دوسرے ہاف میں سعودی کوچ ایروا رینارڈ نے مخالف ٹیم پر حملوں کو تیز کرنے کے لیے مصعب الجویر اور صالح الشهری کی جگہ عبداللہ الحمدان اور عبداللہ الخیبری کو میدان میں اتارا۔ 84 ویں منٹ میں سعود عبدالحمید نے ایک اور خطرناک حملہ ناکام بنایا اور آسٹریلیا کے یقینی گول کو روکنے میں کامیاب ہوئے۔
جمعرات کے میچ کا نتیجہ سعودی عرب کے لیے اہم ہے، کیونکہ وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ آسٹریلیا بھی 6 پوائنٹس کے ساتھ گول کے فرق کی بنیاد پر دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ دونوں ٹیمیں فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کوالیفائی کرنے کے لیے سخت محنت کر رہی ہیں اور آنے والے میچز ان کی پوزیشن کو مزید واضح کریں گے۔