وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا ایک سال کامیابیوں سے عبارت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں ملک تباہی کے دہانے پر پہنچا۔ 18 اگست 2018 سے 9 اپریل 2022 معاشی بدحالی کا دور تھا۔
مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کے ساڑھے 3 سال اور اتحادی حکومت کے ایک سال کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔
#RebuildingPakistan pic.twitter.com/ReBs8Fb1zp
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) April 11, 2023
وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں چینی اسکینڈل آیا اور آٹا 35 روپے سے 100 روپے کلو تک پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگی قیمت پر ایل این جی خریدی گئی۔ ان کے دور میں انرجی ٹرمینل اور بجلی کے منصوبے بند ہوئے جبکہ سی پیک پراجیکٹ پر بھی کام بند ہوا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں 2 کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے جبکہ 60 لاکھ افراد بے روزگار بھی ہوئے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اتحادی حکومت کے ایک سال کے دوران اورنج ٹرین، یوٹیلیٹی اسٹور پیکیج، روات فلائی اوور، پی ایم فلڈ ریلیف پروگرام، بی آئی ایس پی کی بحالی، پاور پراجیکٹس کی بحالی شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے سی پیک پراجیکٹ کی بحالی کے علاوہ سیلاب متاثرین کے لیے 9 ارب ڈالر کی امداد اور بی آئی ایس پی کے بجٹ میں 40 ارب روپے کا اضافہ کیا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق موجودہ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کی بحالی کے ساتھ عدالتی اصلاحات بھی کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سال میں لیپ ٹاپ اسکیم کا آغاز، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے بھی ہماری کامیابی کا ثبوت ہیں جن میں آبپارہ فلائی اوور سمیت 1800 میگا واٹ بجلی کی پیدوار بھی شامل ہے۔