وی پی این کا استعمال غیرشرعی قرار دینے پر رانا ثنااللہ راغب نعیمی کے خلاف بول پڑے

اتوار 17 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے ملک میں وی پی این کے استعمال کو غیرشرعی قرار دینے پر وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ بول پڑے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہاکہ وی پی این کی بندش اسلامی نظریاتی کونسل یا راغب نعیمی سے متعلق معاملہ نہیں، اس کا استعمال بالکل غیرشرعی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں وی پی این کا استعمال غیرشرعی، بند کرنا حکومت کا اختیار ہے، اسلامی نظریاتی کونسل

انہوں نے کہاکہ اسلامی نظریاتی کونسل نے غیر ضروری رائے دی ہے، یہ ڈاکٹر راغب نعیمی کا کام ہی نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ڈاکٹر راغب نعیمی نے حکومت کی حمایت کے لیے یہ کام کیا ہو گا لیکن یہ تو تنقید کی وجہ بن گیا۔ سادہ سی بات ہے کہ حکومت نے ’ایکس‘ کے غلط استعمال پر پابندی لگائی ہے تو لوگ وی پی این کا استعمال کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ جمعہ 15 نومبر کو اسلامی نظریاتی کونسل نے وی پی این کا استعمال غیرشرعی و ناجائز قرار دیا تھا۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹرراغب نعیمی نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ یا کسی سافٹ وئیر(وی پی این وغیرہ) کا استعمال، جس سے غیر اخلاقی یا غیر قانونی امور تک رسائی مقصود ہوشرعا ممنوع  اور ناجائز ہے۔

ڈاکٹرراغب نعیمی کا کہنا تھا کہ شرعی لحاظ سے حکومت کے پاس اختیارہے کہ وہ برائی اور برائی تک پہنچانے والے تمام اقدامات کے خلاف نمٹے، حکومت کو چاہیے کہ وہ متنازعہ، گستاخانہ اورملکی سالمیت کے خلاف استعمال ہونے والی ایپس کو فوری بند کرے۔

یہ بھی پڑھیں وی پی این کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کا فتویٰ غلط ہے، مولانا طارق جمیل

اسلامی نظریاتی کونسل کی اس رائے پر معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وی پی این کا استعمال ناجائز ہے تو پھر موبائل استعمال کرنا بھی درست نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp