جنوبی افریقہ کے سابق اوپنر اور پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ اینڈریو پوٹک نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے جاری تربیتی کیمپ جوائن کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے رواں ماہ کے شروع میں نئی انتظامیہ نے اینڈریو پوٹک کا نام دیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق گرانٹ بریڈ برن ہیڈ کوچ کے طور پر کام کریں گے اور اسسٹنٹ کوچ عبد الرحمٰن ہوں گے۔
دوسری جانب پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلرعمر گل قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ کے طور پر اپنا کردار جاری رکھیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بریڈ برن اور پوٹک کی خدمات نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے لیے لی گئی ہیں۔
پی سی بی متعلقہ بھرتی کے عمل کی تکمیل کے بعد نیوزی لینڈ کے بعد سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کی تصدیق کرے گا۔
پاکستانی ٹیم کے نئے تعینات ہونے والے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے تربیتی کیمپ جوائن کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی الصبح پاکستان پہنچنے پر بڑا اچھا استقبال کیا گیا۔ انہیں پاکستان واپس آکر بڑی خوشی ہوئی ہے، یہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ پاکستان کی کوچنگ کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا’میں پہلی بار 1990 میں نیوزی لینڈ ٹیم کے ہمراہ پاکستان آیا تھا۔ پاکستان میں 3سال تک کوچنگ کی، جس کا تجربہ بڑا شاندار رہا۔ دوبارہ پاکستان ٹیم کی کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم، مکی آرتھر اور دیگر کوچنگ اسٹاف کے ساتھ کام کرکے اچھا لگے گا۔ پاکستانی ٹیم میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کروں گا‘۔