دہلی کا سموگ ختم کرنے کے لیے بھارتی حکومت کیا تدابیر اختیار کر رہی ہے؟

پیر 18 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت نے اسموگ کے خاتمے کے لیے نئے سخت اقدامات کی منظوری دیتے ہوئے تعمیراتی سرگرمیوں، ڈیزل سے چلنے والے ٹرکوں اور عام دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے اور دھول والی جگہوں پر پانی کے چھڑکاؤ کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز نے اسموگ کے خاتمے کے لیے بھارت کے ساتھ سفارتکاری کا عندیہ دے دیا

بھارت نے اتوار کو کہا تھا کہ وہ پیر سے نئی دہلی اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیوں اور گاڑیوں کی نقل و حرکت سمیت پابندیوں کو سخت کرے گا تاکہ اسموگ کے خطرات اور گندی ہوا کے معیار سے نمٹا جاسکے۔

بھارت میں اب پیر کی صبح سے نافذ ہونے والے نئے سخت اقدامات میں دہلی میں ڈیزل ٹرکوں پر پابندی ، تعلیمی اداروں کو بند کرنا اور مقامی انتظامیہ کے مشورے کے مطابق ریموٹ ورکنگ شامل ہے۔

نئے انتظامات کے تحت مقامی حکام نے سڑکوں پر اڑنے والی دھول کو بٹھانے کے لیے پانی کے چھڑکاؤ اور دھول کو کم کرنے کے لیے مشینی جھاڑو لگانے کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں:لاہور میں اسموگ کا بھارت 30 فیصد، ہم خود 70 فیصد ذمہ دار ہیں، مریم اورنگزیب

ریاستی حکام کے ایک پینل کے ہنگامی اجلاس کے بعد جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مسلسل ناسازگار موسمی حالات اور ہوا کی کم رفتار ایئر کوالٹی انڈیکس( اے کیو آئی ) میں اچانک اضافے کی بڑی وجوہات ہیں‘۔

8 نکاتی ایکشن پلان پیش کرنے والے پینل نے عوام خصوصاً بچوں، بزرگ شہریوں اور سانس، دل کی شریانوں یا دیگر دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں کے اندر ہی رہیں۔

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی ہندوستان میں ہوا کا معیار گزشتہ ایک ہفتے کے دوران خراب ہوا ہے اور اتوار کی شام کو نئی دہلی کے ’اے کیو آئی‘ میں 465 کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جسے ’سنگین پلس کیٹیگری‘ کے طور پر درجہ بند کیا گیا ہے۔

بھارت میں اَرتھ سائنس کی وزارت کے تحت موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی کے مطابق اس سال نئی دہلی میں تقریباً 38 فیصد آلودگی پرالی جلانے کی وجہ سے ہوئی ہے، پرالی ایک ایسا طریقہ جہاں چاول کی کٹائی کے بعد کھیتوں کو صاف کرنے کے لیے چھوڑی گئی پرالی کو جلایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس بھارت کے رحم و کرم پر، نیا اسموگ الرٹ جاری

نئی دہلی ہر موسم سرما میں دھوئیں اور دھند کے زہریلے امتزاج سے دوچار ہوتا ہے کیونکہ ٹھنڈی ہوا غیر قانونی طور پر کھیتوں میں لگنے والی آگ کے دھویں اور دھول کو اپنی لپیٹ میں لیتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسموگ کی وجہ نمی میں اضافہ، پرسکون ہوائیں اور درجہ حرارت میں کمی ہے جبکہ بھارتی محکمہ موسمیات نے ہفتہ تک اسموگ کی صورتحال اور ہوا کی رفتار کم ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے جو گزشتہ روز 15.9 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp