پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچنے کی کال پر کراچی میں پارٹی متحرک ہو گئی ہے، عہدیداروں کو ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں اور گھر گھر عمران خان کا پیغام پہنچایا جا رہا ہے تا کہ مطلوبہ ہدف حاصل کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: 24 نومبر کو صرف پی ٹی آئی نہیں پورا پاکستان باہر نکلے، عمران خان کا اڈیالہ جیل سے اہم پیغام
پاکستان تحریک انصاف کے مقامی عہدیدار کیسی تیاریاں کر رہے ہیں اور کتنے افراد لیکر جانے کا ارادہ رکھتی ہے، اس حوالے سے اب تک مختلف اعداد وشمار سامنے آئے ہیں۔
پی ٹی آئی کا 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج: پاکستان تحریک انصاف کراچی سے اسلام آباد کتنے افراد کو لیکر جا رہی ہے؟ جانیں وی نیوز کے نمائندے وقاص خان سے pic.twitter.com/OlKoYIiJyS
— WE News (@WENewsPk) November 19, 2024
تحریک انصاف کراچی کے سینیئر رہنما ایڈوکیٹ شجاعت علی خان نے وی نیوز کو بتایا کہ اس وقت پی ٹی آئی کراچی 24 نومبر کے سلسلے میں گھر گھر رابطہ مہم کررہی ہے اور فارم 45 کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو ٹاسک دیا گیا ہے۔
’وہ ٹاسک یہ ہے کہ ایم این اے 2 بسیں جبکہ ایم پی ایک بس میں کارکنوں کو ساتھ لے کر جائیں گے، ہم صرف کراچی سے کم سے کم 10 ہزار افراد اسلام آباد لے کر جائیں گے۔‘
مزید پڑھیں: 24 نومبر کا احتجاج مطالبات پورے ہونے تک ختم نہیں ہوگا، بشریٰ بی بی کی پارٹی رہنماؤں کو اہم ہدایات جاری
شجاعت علی خان کے مطابق کراچی کی حد تک پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے، انہوں نے انصاف ہاؤس سے متعلق کہا کہ وہاں اس وقت اتنی سرگرمیاں اس لیے نہیں ہو رہی ہیں کیوںکہ ہر ذمہ دار اس وقت اپنے حلقے میں مصروف ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کراچی کی ترجمان فوزیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ اس وقت بھر پور انداز میں اسلام آباد جانے کی تیاری کی جا رہی ہے، گھر گھر پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے پیغام والے پمفلٹ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: 24 نومبر کے احتجاج سے قبل پی ٹی آئی میں اختلافات، 2 عہدیدار مستعفی
فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی 24 نومبر والی پلاننگ میں پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ موجود تھے اور انہی کی ہدایات پر کراچی کے عہدیداروں نے اپنا کام شروع کردیا ہے۔
’اس بار گرفتاری کی صورت میں ہم نے پلان بی اور سی بھی بنا رکھے ہیں، جس کے مطابق غیر سیاسی لوگوں کی مدد سے قافلہ اسلام آباد پہنچایا جائے گا۔‘
مزید پڑھیں: 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان، پی ٹی آئی قیادت عمران خان سے ناخوش کیوں؟
فوزیہ صدیقی کے مطابق اس وقت کراچی سے اسلام آباد جانے کے لیے فی کس 20 سے 25 ہزار روپے خرچ ہے، جو شاید ہر کارکن پورا نہ کر پائے اور پاکستان تحریک انصاف میں ایسے لوگ موجود ہیں جو مالی اخراجات اٹھا سکیں، ہماری کوشش ہے کہ 5 سے 7 ہزار افراد اسلام آباد لے جا سکیں۔