وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 24 نومبر کو ہم وہی کریں گےجو دہشتگردوں کے خلاف کیا جاتا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس پلان اے، پلان بی اور سی ہے تو ریاست کے پاس پوری اے بی سی ہے، 24 نومبر کو ہم وہی کریں گے جو دہشتگردوں کے خلاف کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: شرپسندی میں ملوث طلبہ کی تعلیمی اسناد و داخلے، دیگر افراد کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹس منسوخ کرنے پر غور
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علی امین گنڈاپور جو ریلی اسلام آباد لائے اس پر 81 کروڑ روپے لگے، ایم پی ایز اور ایم این ایز کو فساد برپا کرنے کے لیے 4، 4 لاکھ روپے دیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی ویڈیو کیس میں پی ٹی آئی کے پروپیگنڈا سیل کے لوگ ملوث ہیں، دعا ہے کہ اس کیس میں جلد سے جلد انصاف فراہم ہو۔
یہ بھی پڑھیں: اگر ہمارے مطالبات مان لیے گئے تو احتجاج نہیں کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر
واضح رہے کہ عمران خان نے مطالبات کی منظوری کے لیے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دی ہے، جس کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں، اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کی رہائی کے لیے ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے۔