امریکا سے تعلق رکھنے والی لڑکی آن لائن گیم پب جی (PUBG) سے دوستی اور پیار کے بعد شادی کے لیے پاکستان پہنچ گئی اور چترالی جوان سے شادی کرلی۔ لڑکے کے خاندان نے شادی کی تصدیق کر دی اور بتایا کہ لڑکی اپنی بہن کے ساتھ گزشتہ دونوں اسلام آباد پہنچی تھی اور اپنی مرضی سے اسلام قبول کرنے کے بعد چترال سے تعلق رکھنے والے لڑکے کے ساتھ شادی کرلی۔
اس حوالے سے نئے دلہا سے کئی بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ تاہم اہل خانہ نے نکاح اور شادی کی تصدیق کر دی ہے۔ لڑکے کے خاندان والوں نے بتایا کہ امریکی ریاست ایریزونا کی رہائشی سارا میری کی کافی عرصہ پہلے لوئر چترال یوسی کوہ مروئی سے تعلق رکھنے والے نوجوان شاھاد حسین دوستی ہوگئی تھی۔
مزید پڑھیں: امریکی صحافی نے پاکستان آکر چترالی نوجوان سے شادی رچا لی
انہوں نے بتایا کہ دونوں کا رابطہ آن لائن گیم ایپ میں ہوا تھا، اور آہستہ آہستہ دوستی ہوگئی جو وقت کے ساتھ ساتھ پیار میں بدل گئی۔ لڑکے اور لڑکی کا مسلسل رابطہ تھا، اور ویزا مسائل کے باعث لڑکا امریکا نہیں جاسکتا تھا تو لڑکی نے ہی پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سارہ 3روز قبل اپنی بہن کے ہمراہ امریکا سے اسلام آباد پہنچی اور ان کی بہن بھی ساتھ تھی، جن کا لڑکے والوں نے استقبال کیا، اور لڑکی نے رضامندی سے اسلام قبول کیا جس کے بعد دونوں کا نکاح ہو گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لڑکی بہت زیادہ خوش تھی، ایک سوال پر کہ کیا لڑکا بھی خوش ہے، ان کے ایک قریبی دوست نے بتایا کہ محبت سے شادی کی ہے اس لیے وہ بھی خوش ہے اور نکاح کے وقت بہت الگ دکھائی دے رہے تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان آکر شادی کرنے والی ’انجو‘ بھارت واپس کیوں چلی گئیں؟
نکاح کے بعد جوڑا اسلام آباد چترال پہنچ گیا جہاں پورے گاؤں نے ان کا استقبال کیا اور ولیمے میں پورے گاؤں نے شرکت کی۔ ولیمے میں شرکت کرنے والے مروئی گاؤں کے رہائشی غفار خان نے بتایا کہ پورے گاؤں میں خوشی کی ایک لہر تھی اور گاؤں کی خواتین امریکن بھابی کو دیکھنے کے لیے دور دور سے پہنچ رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شادی کی خوشی میں پوری رات میوزیکل نائٹ ’دولہ اسٹوک‘ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ سارہ پہلی امریکن نہیں جنہوں نے اپنی محبت کے لیے پاکستان آکر شادی کی، اس سے پہلے بھی ایک امریکن فری لانسر خاتون صحافی پاکستانی نوجوان کے لیے پاکستان آکر شادی کرچکی ہیں۔
واضح رہے امریکی خاتون صحافی چند ماہ قبل پاکستان شادی کے لیے پاکستان آئی تھیں اور اپر چترال بونی سے تعلق رکھنے والے انور خان سے شادی کی تھی اور اب خوشی سے بونی میں رہائش پذیر ہیں۔